مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشتگردوں کے ایک بزدلانہ حملے میں پاک فوج کے میجر سمیت 3 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بارودی سرنگ سے نشانہ بنایا۔
ترجمان کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 5 اور 6 اگست کی درمیانی شب پیش آیا جب بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد گروہ ’’فتنہ الہندستان‘‘ نے سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔
اس حملے کے نتیجے میں میجر محمد رضوان طاہر (عمر: 31 سال، تعلق: نارووال)، نائیک ابن امین (عمر: 37 سال، تعلق: صوابی) اور لانس نائیک محمد یونس (عمر: 33 سال، تعلق: کرک) شہادت کے اعلیٰ درجے پر فائز ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے میجر رضوان شہید کو ایک بہادر افسر قرار دیا جنہوں نے انسدادِ دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں بھرپور حصہ لیا اور ہمیشہ اپنی ٹیم کی قیادت فرنٹ لائن پر رہ کر کی۔
واقعے کے فوری بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کلیئرنس آپریشن شروع کیاجس کے دوران بھارتی حمایت یافتہ چار دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے اور وطن دشمن عناصر کا مکمل صفایا کرکے دم لیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہداء کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں کہ پاکستان کی سرزمین کو بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والی دہشتگردی سے پاک کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








