مشہور امریکی اداکارہ کیلی میک کے 33 سال کی عمر میں انتقال کی وجہ جانتے ہیں؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Kelley Mack Dies At 33 After Battle With Glioma
FILE PHOTO

مشہور امریکی ڈرامہ سیریز دی واکنگ ڈیڈ میں ایڈی کا کردار ادا کرنے والی باصلاحیت اداکارہ اور وائس اوور آرٹسٹ کیلی میک طویل علالت کے بعد 33 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔

ان کے انتقال کی تصدیق ان کے اہل خانہ نے 5 اگست کو ان کی سرکاری انسٹاگرام پر کی، جس میں بتایا گیا کہ وہ 2 اگست کو امریکی ریاست اوہائیو کے شہر سنسناٹی میں گلیوما نامی دماغی رسولی کے باعث دنیا سے رخصت ہوئیں۔

کیلی میک نے دی واکنگ ڈیڈ کے نویں سیزن میں اپنی منفرد اداکاری کے ذریعے ناظرین کے دلوں میں خاص مقام بنایا۔

اس کے علاوہ وہ شکاگو میڈ کے آٹھویں سیزن اور فوکس کے ایک مشہور ڈرامہ میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔

فلمی دنیا میں بھی انہوں نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے جن میں براڈکاسٹ سگنل انٹروژن میں ایلس ، ڈیلیکٹ آرچ میں ویلڈا ، اور یونیورسل کی آنے والی فلم میں رِکی کے کردار شامل ہیں۔

اداکاری کے ساتھ ساتھ کیلی میک ایک مصنفہ بھی تھیں۔ انہوں نے اپنی والدہ کرسٹن کلیبینو کے ساتھ کئی فلمی اسکرپٹ بھی لکھے، جن میں آن دی بلیک قابلِ ذکر ہے جو 1950 کی دہائی کے ایک کالج بیس بال کی کہانی پر مبنی ہے، جو ان کے دادا دادی کی اوہائیو یونیورسٹی کی زندگی سے متاثر ہو کر لکھی گئی۔

ان کی بہن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ ہمارے دلوں کو چیر دینے والے غم کے ساتھ ہے کہ ہم اپنی پیاری کیلی کے انتقال کی خبر دے رہے ہیں۔ ایک روشن، پُرعزم روشنی اب اس دنیا سے رخصت ہو چکی ہے۔

 

وہ ہفتہ کی شام اپنی والدہ کرسٹن اور خالہ کیرن کے ساتھ پُرامن انداز میں دنیا سے رخصت ہوئیں۔ اُن کے چاہنے والوں کو وہ تتلیوں کی صورت میں محسوس ہو رہی ہیں۔ اُن کی کمی الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق گلیوما دماغ یا ریڑھ کی ہڈی کے گلیئل خلیات سے پیدا ہونے والی ایک خطرناک رسولی ہوتی ہے جس کی علامات میں مستقل سردرد، دورے پڑنا، متلی، کمزوری، توازن کے مسائل، مزاج میں تبدیلی، بولنے اور دیکھنے میں دشواری شامل ہو سکتی ہیں۔ اس بیماری کی شدت اس کے درجے اور محلِ وقوع پر منحصر ہوتی ہے۔

کیلی میک کا کردار ایڈی دی واکنگ ڈیڈ میں نہ صرف کہانی کے اہم موڑ کا حصہ تھا بلکہ ان کی اداکاری نے ناظرین پر گہرا اثر چھوڑا۔ ان کے انتقال پر دنیا بھر سے مداح اور ساتھی فنکار گہرے دکھ کا اظہار کر رہے ہیں اور ان کی صلاحیتوں، گرمجوشی اور تخلیقی جذبے کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔

کیلی میک کی زندگی اور فنی سفر اُن نوجوان فنکاروں کے لیے مشعلِ راہ ہے جو مشکلات کے باوجود اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے محنت کرتے ہیں۔ ان کا فن اور شخصیت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

Related Posts