یہ برطانیہ ہے بنانا ریپبلک نہیں؛ ایئر ہوسٹس کو ریپ کی دھمکی دینے والے پاکستانی بزنس مین کو 15 ماہ قید کی سزا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ انسٹاگرام)

پاکستانی نژاد برطانوی بزنس مین سلمان افتخار کو برطانوی عدالت نے ایک فلائٹ اٹینڈنٹ پر گھٹیا حملہ اور جنسی دھمکیاں دینے کے جرم میں 15 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔ 37 سالہ سلمان جو سابق پاکستانی ماڈل عبیر افتخار کے شوہر ہیں اپنی اہلیہ ارم سلمان اور تین بچوں کے ہمراہ ورجن اٹلانٹک کی لندن سے لاہور جانے والی پرواز میں شراب کے نشے میں دھُت تھے جب انہوں نے بدتمیزی کی اور عملے کے روکنے پر غصے میں آگ بگولہ ہو گئے۔

یہ واقعہ فروری 2023 میں پیش آیا لیکن سلمان افتخار کو انگلینڈ میں ان کے گھر سے مارچ 2024 میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس تفتیش کے بعد سلمان نے عدالت میں اپنے جرم کا اعتراف کیا۔ لندن کی ایک عدالت نے انہیں دھمکیوں اور ہراسانی کے الزامات میں 15 ماہ قید کی سزا سنائی۔

متاثرہ فلائٹ اٹینڈنٹ اینجی والش جو 37 سال سے ایئرلائن انڈسٹری میں خدمات انجام دے رہی تھیں اس واقعے سے شدید نفسیاتی صدمے کا شکار ہوئیں اور تقریباً 14 ماہ تک چھٹی پر رہیں۔ انہوں نے اسے اپنے پورے کیریئر کا سب سے خوفناک تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نے ان کی ذاتی زندگی اور پیشہ ورانہ اعتماد کو بری طرح متاثر کیا۔

قابل ذکر ہے کہ سلمان افتخار ایک پرتعیش زندگی گزار رہے تھے۔ ان کی کمپنی نے 2022 میں تقریباً 90 ملین پاؤنڈز کا کاروبار کیا لیکن بعد میں مالی مشکلات کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں ان پر کروڑوں پاؤنڈز کے ٹیکس اور قرضے چڑھ گئے۔ اس کے باوجود وہ مہنگی گاڑیاں چلانے، عالیشان گھر میں رہنے اور پرتعیش تقریبات میں شرکت کرتے رہے۔

سلمان افتخار اپنی پہلی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ برطانیہ میں 2 ملین پاؤنڈز کی عالیشان رہائش گاہ میں مقیم ہیں۔ پانچ سال قبل انہوں نے پاکستانی ماڈل عبیر افتخار سے دوسری شادی کی جس کے بعد عبیر نے ماڈلنگ کی دنیا سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔

Related Posts