نئی دہلی: معروف اداکارہ ہما قریشی کے کزن کو دہلی میں پارکنگ کے تنازع پر قتل کر دیا گیا، یہ افسوسناک واقعہ جمعرات کی رات نظام الدین کے علاقے میں پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رات تقریباً 11 بجے ایک مارکیٹ کے پارکنگ ایریا میں آصف قریشی نے دو افراد سے درخواست کی کہ وہ اپنی اسکوٹر گیٹ کے قریب سے ہٹا دیں جس پر تلخ کلامی ہوگئی۔
عینی شاہدین اور لواحقین کے مطابق اس دوران ملزمان نے آصف قریشی پر بھاری چیز سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
آصف کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں ملوث دو بھائی اُجول اور گوتَم کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں سے اُجول نے حملے کی ابتدا کی تھی۔
مرحوم کے اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ ایک کھلا قتل کا واقعہ ہے اور ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے۔ انہوں نے بھارتی حکومت سے اپیل کی کہ انصاف کو یقینی بنایا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








