پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے یومِ آزادی کے پریڈ ریہرسل کے باعث اگست کے مخصوص دنوں میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل رہنے کا اعلان کیا ہے۔
ایک نوٹس ٹو ایئرمین (NOTAM) کے مطابق، 11، 12 اور 13 اگست کو رات 8:00 بجے سے 10:00 بجے تک تمام پروازیں مکمل طور پر معطل رہیں گی۔ ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان اوقات میں کوئی پرواز شیڈول نہ کریں۔
مزید برآں نوٹم میں بتایاگیا ہے کہ 6 سے9 اگست اور 11 سے 14 اگست کے درمیان دن کے مختلف اوقات میں بھی پروازیں معطل رہیں گی جن میں خصوصی طور پر صبح 11:00 بجے سے دوپہر 1:00 بجے تک معطلی شامل ہے۔
مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی تکلیف سے بچنے کے لیے اپنی پروازوں کا شیڈول روانگی سے پہلے ضرور چیک کریں۔
ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے شیڈول میں ضروری تبدیلیاں کریں اور مسافروں کو فوری طور پر آگاہ کریں۔
یہ عارضی معطلی پاکستان کے 77ویں یومِ آزادی کی تقریبات کے لیے سیکیورٹی اور لاجسٹک انتظامات کا حصہ ہے جو وفاقی دارالحکومت میں مکمل سرکاری پروٹوکول کے ساتھ منائی جائیں گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








