پتا ہی نہیں چلا موٹر سائیکل کیسے گاڑی کے نیچے آئی، زخمی ڈمپر ڈرائیور کا بیان

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو دی پرنٹ

کراچی میں راشد منہاس روڈ پر افسوس ناک حادثے میں ڈمپر کے نیچے آکر موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کی ہلاکت پر گرفتار زخمی ڈرائیور کا بیان سامنے آگیا ہے۔

حادثے کے بعد موقع پر موجود مشتعل شہریوں نے ڈمپر ڈرائیور کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور بعد میں پولیس کے حوالے کر دیا۔

زخمی ڈمپر ڈرائیور فردوس خان نے اپنے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ حادثہ کیسے پیش آیا، اسے معلوم نہیں۔

ڈرائیور نے کہا، ’مجھے نہیں پتہ موٹر سائیکل والے کیسے میرے ڈمپر کے نیچے آگئے، میں تو گاڑی آہستہ چلا رہا تھا۔‘

فردوس خان نے مزید کہا کہ اس کے پاس ڈمپر کے تمام کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس موجود تھے، مگر حادثے کے بعد مشتعل افراد نے اس کا موبائل فون، نقد رقم اور گاڑی کی چابیاں چھین لیں۔

ڈرائیور نے بیان میں کہا، ’تشدد کرنے والوں کو میں جانتا نہیں‘۔

پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور ڈمپر کو تحویل میں لے کر مزید شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔

Related Posts