کراچی میں آزادی کا جشن، ہوائی فائرنگ سے 3 افراد لقمہ اجل، 75 سے زائد زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

Karachi Independence Day Celebrations: Aerial Firing Claims 3 Lives, Injures Over 75
FILE PHOTO

کراچی میں جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے واقعات پر قابو نہ پایا جا سکا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں رات 12 بجتے ہی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو رات گئے تک جاری رہا۔

ان واقعات کے نتیجے میں ایک کم سن بچی سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 75سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ہوائی فائرنگ میں ملوث چالیس سے زائد افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور درجنوں گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جشنِ آزادی کے موقع پر خوشیاں امن اور محفوظ انداز میں منائی جائیں تاکہ انسانی جان کا نقصان نہ ہو۔

چھیپا ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں لیاقت آباد ڈاکخانہ یوٹرن کی ثناء زوجہ عاقب، عمر 25 سال، اور لیاری کلا کوٹ کے رمیز ولد عبدالرشید، عمر 35 سال، شامل ہیں جو دم توڑ گئے۔ اورنگی ٹاؤن ڈبہ موڑ کی اریبہ زوجہ نامعلوم، عمر 27 سال، شدید زخمی حالت میں زیرِ علاج ہیں۔

دیگر زخمیوں میں پان منڈی کے خرم ولد ناصر، شریف آباد ایف سی ایریا کے چاند محمد ولد سید اختیار علی، لیاقت آباد نرالہ سوئٹس کے وسیم ولد سعید، ناظم آباد بڑا میدان کے نصیر اللہ خان ولد اسد اللہ، کلری میمن سوسائٹی کے اشفاق ولد لال بخش، مچھر کالونی مدینہ مسجد کے عثمان ولد میاں حسین، ناظم آباد پل کے رحیم ولد تسلیم احمد اور پاپوش چاندنی چوک کے آٹھ سالہ جمشید ولد عابد شامل ہیں۔

سماجی تنظیموں نے اس افسوسناک صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہوائی فائرنگ کی اس خطرناک روایت کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں اور عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے۔

Related Posts