سائنسدانوں نے امریکا میں ہولناک سونامی کی وارننگ جاری کردی، جانئے کس قدر بڑے پیمانے پر تباہی ہوگی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

فائل فوٹو

امریکی سائنس دانوں نے خبردار کیا ہے کہ بحرالکاہل کے کنارے واقع امریکا کے مغربی ساحلی علاقے ایک تباہ کن “میگا سونامی” کی زد میں آ سکتے ہیں، جو کاسکیڈیا سبڈکشن زون میں آنے والے بڑے زلزلے کے نتیجے میں پیدا ہو سکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ فالٹ لائن شمالی کیلیفورنیا سے لے کر وینکوور آئی لینڈ تک پھیلی ہوئی ہے اور صدیوں سے بھاری ارضیاتی دباؤ اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔ یہ دباؤ اس لیے بڑھ رہا ہے کیونکہ جوان ڈی فوکا پلیٹ (Juan de Fuca Plate) مسلسل شمالی امریکا کی پلیٹ کے نیچے سرک رہی ہے۔

ورجینیا ٹیک یونیورسٹی کے ماہرین نے اپنی تازہ تحقیق میں کاسکیڈیا سبڈکشن زون کو شمالی امریکا کے سب سے خطرناک زلزلہ خیز خطوں میں شمار کیا ہے۔ ان کے مطابق صدیوں سے جمع دباؤ کسی بھی وقت ایک بڑے زلزلے کی شکل میں پھٹ سکتا ہے۔

1700 جیسا زلزلہ دوبارہ ممکن

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا زلزلہ زمین کے بعض ساحلی حصوں کو اچانک کئی فٹ نیچے دھکیل دے گا، جس کے نتیجے میں سیلابی علاقے بڑھ جائیں گے اور ساحلی پٹی کی ساخت بدل جائے گی۔ اس فالٹ پر آخری بڑا زلزلہ سن 1700 میں آیا تھا، جس نے ایسا شدید سونامی پیدا کیا تھا کہ اس کے اثرات جاپان تک ریکارڈ ہوئے۔

50 سال میں بڑے زلزلے کا 15 فیصد امکان

ورجینیا ٹیک کی ٹیم، جس کی قیادت ارضیات دان ٹینا ڈورا (Tina Dura) کر رہی ہیں، نے خبردار کیا ہے کہ اگر آج ایسا واقعہ پیش آیا تو مغربی ساحل پر گھنی آبادی، شہری ڈھانچے اور اہم ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس تباہی کی لپیٹ میں آ جائیں گے۔
تحقیق، جو “پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز” میں شائع ہوئی ہے، کے مطابق آئندہ 50 برسوں میں CSZ پر آٹھ یا اس سے زیادہ شدت کے زلزلے کے آنے کا امکان تقریباً 15 فیصد ہے۔

ساحلی زمین 6.5 فٹ تک دھنس سکتی ہے

ماہرین کے مطابق اس نوعیت کا زلزلہ ساحلی زمین کو اچانک 6.5 فٹ تک نیچے دھکیل سکتا ہے، جو سینکڑوں فٹ بلند سونامی لہروں کو جنم دے گا۔ سب سے زیادہ خطرہ جنوبی واشنگٹن، شمالی اوریگن اور شمالی کیلیفورنیا کے ساحلی علاقوں کو ہے، جہاں بڑے پیمانے پر سیلاب اور تباہی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

مستقل طور پر زیرِ آب علاقے

تحقیق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بحرالکاہل کے ساحل سے ملحقہ نشیبی علاقے مستقل طور پر زیرِ آب جا سکتے ہیں، خاص طور پر صدی کے اختتام تک جب ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث سمندر کی سطح میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

یہ محض ارضیاتی مفروضہ نہیں

ورجینیا ٹیک کی ٹیم نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا: “یہ محض ایک ارضیاتی مفروضہ نہیں بلکہ ساحلی لچک اور تیاری کے لیے براہِ راست چیلنج ہے۔”
انہوں نے حکام پر زور دیا ہے کہ تاخیر سے پہلے ہنگامی منصوبہ بندی اور انفراسٹرکچر کو مضبوط بنایا جائے تاکہ ناگزیر آفت کا مقابلہ کیا جا سکے۔

Related Posts