معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن عرف ڈکی بھائی کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے لاہور ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق ڈکی بھائی ملک سے باہر جانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن ان کا نام پرویژنل نیشنل آئیڈنٹیفکیشن لسٹ (PNIL) میں شامل ہونے کی وجہ سے ایئرپورٹ پر انہیں روک کر گرفتار کر لیا گیا۔
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کا کہنا ہے کہ ڈکی بھائی کے خلاف متعدد الزامات کے تحت تحقیقات جاری ہیں جن میں آن لائن جوئے کی تشہیر بھی شامل ہے۔
ایجنسی نے تصدیق کی کہ ان کا نام پرویژنل نیشنل آئیڈنٹیفکیشن لسٹ میں ہے جس کی وجہ سے انہیں بیرون ملک روانگی سے قبل حراست میں لیا گیا۔
واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں موٹروے پولیس نے ڈکی بھائی کے خلاف دو مقدمات درج کیے تھے۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ڈرائیونگ کے دوران خطرناک اسٹنٹ کیے، اسٹیئرنگ پر پاؤں رکھ کر گاڑی چلائی اور گاڑی کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچائی۔ ان مقدمات میں ڈکی بھائی نے ضمانت حاصل کر لی تھی لیکن اب سائبر کرائم ایجنسی نے ان کے خلاف نئی تحقیقات شروع کی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








