آسکر ایوارڈ یافتہ ہسپانوی اداکار نے اسرائیلی فوج کو پوری جرات سے نازی فوج قرار دیدیا

تازہ ترین

تازہ ترین

اسپینش اداکار، فائل فوٹو

آسکر ایوارڈ یافتہ ہسپانوی اداکار ہاویر بارڈیم نے اسرائیلی فوج کو “نازی” قرار دیتے ہوئے غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف اس کی کارروائیوں کی سخت مذمت کی ہے۔

انسٹاگرام پر بیان جاری کرتے ہوئے نو کنٹری فار اولڈ مین کے اداکار نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے لکھا کہ اسرائیلی فوج “دہشت اور انسانیت سوز مظالم” کے طریقے استعمال کر رہی ہے، جنہیں انہوں نے نازی ہتھکنڈوں سے تشبیہ دی۔

بارڈیم نے ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں مبینہ طور پر ایک اسرائیلی فوجی کو محض “تفریح” کے لیے ایک فلسطینی بچے کو قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ بعد ازاں اس عمل کو فوجی نے آن لائن پوسٹ میں “لیجنڈری کانٹینٹ” کہا۔

اداکار نے اس منظر کو فلم شِنڈلرز لسٹ کے کردار “آمن گوئتھ” سے تشبیہ دی، وہ نازی افسر جو محض دل لگی کے لیے قیدیوں کو اپنی بالکونی سے گولی مار دیتا تھا۔

بارڈیم نے لکھا: اسرائیلی فوج نازی ہے۔ کیا آپ کو شِنڈلرز لسٹ کا آمن گوئتھ یاد ہے؟ ایک نازی افسر جو قیدیوں کو محض تفریح کے لیے قتل کرتا تھا۔ وہ ظلم کی اس بے رحمی اور بیدردی کی علامت تھا جو ایک جابر فوجی نظام میں پنپتی ہے۔ آج بالکل اسی منطق کے تحت اسرائیلی فوج فلسطینی عوام کے خلاف دہشت اور انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے۔

خیال رہے کہ ہاویر بارڈیم غزہ میں جاری تشدد کے خلاف مسلسل آواز بلند کرتے رہے ہیں۔ وہ مختلف فنکاروں کے ساتھ مل کر اس انسانی المیے کی کھل کر مذمت کر چکے ہیں اور عالمی برادری سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔

ادھر منگل کے روز برطانیہ کے 700 سے زائد بزنس لیڈرز اور پیشہ ور افراد نے ایک کھلا خط دستخط کر کے حکومتِ برطانیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ “غزہ میں مزید نسل کُشی کے واقعات کو روکنے” اور بین الاقوامی قوانین پر عمل درآمد کے لیے فوری اقدام کرے۔

الجزیرہ کے مطابق بزنس کمیونٹی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ تمام ایکسپورٹ لائسنسز منسوخ کرے، تاکہ کوئی بھی ساز و سامان براہِ راست یا بالواسطہ طور پر غزہ میں فوجی کارروائیوں میں استعمال نہ ہو۔

Related Posts