سونی نے امریکا میں اپنے پلے اسٹیشن 5 کنسولز کی قیمتیں بڑھا دی ہیں، جس کے اثرات پاکستانی مارکیٹ پر بھی پڑے ہیں۔
قیمتوں میں یہ اضافہ پی ایس فائیو کے تمام تین ماڈلز پر لاگو ہوتا ہے۔ ڈسک ورژن کی قیمت اب 549.99 ڈالر، ڈیجیٹل ایڈیشن 499.99 ڈالر، جبکہ ہائی پرفارمنس پی ایس فائیو پرو 749.99 ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جو اسے اس وقت کی سب سے مہنگی مین اسٹریم گیمنگ کنسول بنا رہا ہے۔
اس اضافے کا اثر پاکستان میں بھی دیکھا جا رہا ہے، جہاں دکانداروں نے تصدیق کی ہے کہ مختلف ماڈلز کے حساب سے پی ایس فائیو کی قیمتوں میں 10 سے 20 ہزار روپے تک کا اضافہ ہوا ہے۔
نیا پی ایس فائیو پرو 2 ٹی بی اب کراچی، لاہور اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں میں تقریباً 2 لاکھ 60 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
دوسری جانب پی ایس فائیو سلم 1 ٹی بی ماڈل تقریباً 1 لاکھ 80 ہزار روپے میں دستیاب ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ مقامی مارکیٹ پر کس طرح اثر انداز ہو رہا ہے۔
بھاری قیمتوں کے باوجود پاکستان میں پی ایس فائیو کی مانگ برقرار ہے۔ اگرچہ یہ ہر گھر کی چیز نہیں ہے، لیکن جو لوگ استطاعت رکھتے ہیں وہ اسے اپنے لیے یا بچوں کے لیے خرید کر اس کی مقبولیت کو بڑھا رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








