بھارتی ریاست مہاراشٹر کی حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں کے مالکان کو ایک بڑی سہولت فراہم کردی، ریاست کے وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے اعلان کیا ہے کہ ریاست کی اہم سڑکوں اور ایکسپریس ویز پر اب برقی گاڑیوں سے ٹول ٹیکس وصول نہیں کیا جائے گا فیصلے کا نفاذ 22 اگست سے ہوگا۔
مہاراشٹر حکومت کی پالیسی کے تحت ممبئی-پونے ایکسپریس وے، اٹل سیٹو برج اور سمردھی مہا مارگ جیسے بڑے راستوں پر اب الیکٹرک کاریں اور برقی بسیں بغیر کسی ٹول کے سفر کر سکیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ریاست میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کو کم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔ خاص طور پر دہلی، ممبئی اور دیگر بڑے شہروں میں ماحولیاتی آلودگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حکومت کو اُمید ہے کہ جب برقی گاڑیوں کو مالی فائدے ملیں گے تو عوام ان کی طرف زیادہ راغب ہوں گے جو کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے مثبت قدم ہوگا۔
عوام نے حکومتی فیصلے کو سراہا ہے جبکہ الیکٹرک گاڑی کے مالکان کا کہنا ہے کہ اس سے ان کے سفر کے اخراجات میں واضح کمی آئے گی اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو فروغ ملے گا۔ یہ اقدام ایک طرف صارفین کے لیے ریلیف ہے تو دوسری جانب حکومت کی ماحول دوست پالیسی کا بھی حصہ ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








