سڈنی: مقبول اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلیکس کو آسٹریلیا میں سبسکرپشن فیسوں میں ایک اور اضافے کے اعلان کے بعد شدید تنقید اور بائیکاٹ کی دھمکیوں کا سامنا ہے۔ صارفین کی بڑی تعداد نے قیمتوں میں مسلسل اضافے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے اپنی ممبرشپ منسوخ کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیٹ فلیکس نے ستمبر کے آخر سے آسٹریلیا میں سبسکرپشن کے تمام پیکجز مہنگے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی قیمتوں کے تحت بیسک پیکیج (اشتہارات کے ساتھ) 2 ڈالر، اسٹینڈرڈ بغیر اشتہار 2 ڈالر، پریمیم 3 ڈالر اور اکاؤنٹ شیئرنگ فیس 1 ڈالر بڑھا دی گئی ہے۔
کمپنی کی جانب سے بھیجے گئے ای میلز میں صارفین کو آگاہ کیا گیا ہے کہ 25 ستمبر 2025 سے پریمیم پلان کی ماہانہ فیس بڑھ کر 28.99 ڈالر ہو جائے گی۔
اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا۔ کئی صارفین نے لکھا کہ بار بار قیمتیں بڑھانے کے باوجود نیٹ فلیکس اضافی سہولیات فراہم نہیں کرتا۔
ایک صارف نے طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اب ہم ایسی سطح کی فلمی اور ڈرامائی قزاقی (پائریسی ) دیکھیں گے جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی ۔
نو سال سے سبسکرائبر رہنے والے ایک صارف نے اطلاع دی کہ انہوں نے فیس میں اضافے کے بعد اپنی ممبرشپ منسوخ کر دی ہے۔
ایک اور صارف نے کہاکہ کارپوریٹ عملہ ہر بار قیمتیں بڑھا دیتا ہے لیکن سہولت وہی رہتی ہے، اصل حل یہی ہے کہ ہم چھوڑ دیں ۔
دوسری جانب نیٹ فلیکس کے ترجمان نے وضاحت دی کہ پلیٹ فارم مختلف نوعیت کے سبسکرپشن پیکجز پیش کرتا ہے اور جب بھی نئی سہولت یا اضافی مواد فراہم کیا جاتا ہے تو قیمتوں میں معمولی ردوبدل کیا جاتا ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ نیٹ فلیکس اب عام صارف کے لیے ناقابل برداشت ہوتا جا رہا ہے جبکہ ڈزنی پلس، پرائم ویڈیو اور اسٹین جیسے حریف پلیٹ فارمز اپنی آسٹریلوی پیشکشوں میں تیزی سے اضافہ کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق موجودہ صورتحال نیٹ فلیکس کے مستقبل کے لیے سوالیہ نشان بنتی جا رہی ہے۔
کبھی سب سے بڑے اسٹریمنگ پلیٹ فارم کے طور پر پہچانے جانے والا نیٹ فلیکس اب ایک بٹے ہوئے مارکیٹ میں حریفوں کے ہاتھوں اپنے وفادار صارفین کو کھو سکتا ہے، یا پھر صارفین دوبارہ قزاقی کا سہارا لے سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








