اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ہواجس میں ملک کے بجلی صارفین کے لیے 50 ارب روپے کے بڑے ریلیف پیکیج کی منظوری دی گئی۔
اس فیصلے کے تحت کیپٹو پاور پلانٹس پر لگائے گئے لیویز کے ذریعے جمع ہونے والی رقم عوام کو واپس منتقل کی جائے گی تاکہ بجلی کے بڑھتے ہوئے بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔
اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ گلگت بلتستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 3 ارب روپے جاری کیے جائیں گے۔
ان فنڈز کے ذریعے متاثرین کو خیمے، خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جائیں گی، ساتھ ہی تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی اور متاثرہ علاقوں میں ابتدائی بحالی کے اقدامات کیے جائیں گے۔
ای سی سی نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی سی) کے لیے 11 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی تاکہ ٹیرف ایڈجسٹمنٹ اور نیٹ میٹرنگ کے اخراجات پورے کیے جا سکیں۔
اس ضمن میں فوری طور پر 3اعشاریہ 813 ارب روپے جاری کرنے کا حکم دیا گیا، جبکہ باقی رقم مرحلہ وار ہر سہ ماہی میں جاری کی جائے گی تاکہ تنخواہوں، پنشن اور ادارے کی آپریشنل ضروریات کو پورا کیا جا سکے تاہم کمیٹی نے ہدایت دی کہ پی ٹی وی حکومتی فنڈنگ پر انحصار کم کرے اور مالی خود کفالت کی طرف پیش رفت کرے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے ملازمین کے لیے رضاکارانہ علیحدگی اسکیم (وی ایس ایس) کے حوالے سے فیصلہ مؤخر کر دیا گیا اور ہدایت دی گئی کہ اس منصوبے کو وزیرِاعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی پہلے تفصیلی جائزے کے بعد ای سی سی کے سامنے پیش کرے۔
علاوہ ازیں اجلاس میں سنرجیکو پی کے لمیٹڈ (سی پی ایل) کے خلاف 2019 سے التوا کا شکار پیٹرولیم لیوی کے بقایاجات کی وصولی کے لیے تصفیہ پلان کی منظوری دی گئی۔
پیٹرولیم ڈویژن کو اختیار دیا گیا کہ وہ سی پی ایل کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرے تاکہ بقیہ رقم کی مکمل وصولی یقینی بنائی جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








