رائیونڈ میں دو بھائیوں کے قتل کے مرکزی ملزمان اویس اور شہزاد پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہوگئے۔
یہ کیس اس وقت پورے ملک میں توجہ کا مرکز بنا تھا جب 30 روپے کے معمولی تنازع پر دو بھائیوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق پولیس ٹیم گرفتار ملزمان اویس اور شہزاد کو ان کی نشاندہی پر رائیونڈ لے گئی تھی تاکہ چھاپہ مار کارروائی کی جا سکے۔
اسی دوران ملزمان کے ساتھی جن کی قیادت توقیر نامی شخص کر رہا تھا، پولیس پر حملہ آور ہوئے تاکہ اپنے ساتھیوں کو چھڑا سکیں۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں اویس اور شہزاد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ توقیر اور اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے تاکہ مفرور ملزمان کو گرفتار کیا جا سکے۔
پس منظر کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا جب محض 30 روپے کے جھگڑے پر ملزمان نے ریڑھی بان بھائیوں واجد اور رشید کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
ایک بھائی موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا اسپتال میں کئی روز کومے میں رہنے کے بعد دم توڑ گیا۔
ویڈیو میں دونوں بھائی خون میں لت پت زمین پر پڑے دکھائی دے رہے تھے اور ملزمان ڈنڈوں سے حملہ کر رہے تھے جبکہ اردگرد موجود افراد خاموش تماشائی بنے رہے۔
اس اندوہناک واقعے نے ملک بھر میں شدید غم و غصے کو جنم دیا تھا، جس کے بعد پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان شہزاد اور اویس کو گرفتار کیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








