اسلام آباد: عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
تیل اور گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) 31 اگست کو نئی قیمتوں کا تعین کر کے وزارتِ خزانہ کو ارسال کرے گی جس کے بعد حکومت یکم ستمبر سے نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی برینٹ کروڈ آئل گزشتہ 13 دنوں میں فی بیرل 1اعشاریہ 60 ڈالر بڑھ کر 65اعشاریہ 85 ڈالر سے 67اعشاریہ 47 ڈالر تک پہنچ گیا ہے جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت بھی 1اعشاریہ 64 ڈالر کے اضافے کے بعد 63اعشاریہ 62 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے۔
عالمی منڈی میں اس تسلسل سے بڑھتی ہوئی قیمتیں پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات پر براہ راست اثر ڈالنے کی توقع ہے۔
یاد رہے کہ 16 اگست کو وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 264اعشاریہ 61 روپے فی لٹر اور ڈیزل کو 272اعشاریہ 99 روپے فی لٹر مقرر کیا تھا۔ اس وقت حکومت نے درآمدی لاگت اور زرمبادلہ کے دباؤ کو اضافے کی وجہ قرار دیا تھا۔
اب اوگرا کی نئی سمری کے بعد عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








