ملتان بچے گا یا سیلاب بہا لے جائے گا؟ آبادی کا انخلا، ہیڈ محمد والا پر شگاف ڈالنے کا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں دریائے چناب میں ممکنہ اونچے درجے کے سیلاب کے پیش نظر انتظامیہ نے ہنگامی حفاظتی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر وسیم حامد کے مطابق شہری آبادی کو بچانے کے لیے ہیڈ محمد والا کے مقام پر دانستہ طور پر شگاف ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ پانی کا دباؤ کم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ آس پاس کی بستیوں سے تقریباً 60 فیصد آبادی کا انخلا مکمل کر لیا گیا ہے۔

ادھر تحصیل جلال پور پیروالا کے 18 دیہاتوں میں سیلابی پانی داخل ہو چکا ہے جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ دریائے چناب میں بننے والا سیلابی ریلا آئندہ 24 گھنٹوں میں جھنگ اور اگلے 48 گھنٹوں میں ملتان سے گزرے گا۔

سیلابی خطرے کے پیش نظر مظفرگڑھ میں بھی ہنگامی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جہاں پانچ مقامات پر بند توڑنے کے لیے پیشگی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ آبادی کو محفوظ رکھا جا سکے۔

سرگودھا کے علاقے کوٹ مومن میں پانی داخل ہونے سے فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جبکہ منڈی بہاؤالدین کی تحصیل پھالیہ کے 69 دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں جس کے باعث کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

ادھر حافظ آباد میں سیلابی پانی نے دھان اور چارے کی فصلوں کو متاثر کیا جبکہ گوجرانوالہ میں نالہ پلکھو کے اوور فلو ہونے سے قریبی دیہات کا زمینی راستہ کٹ گیا ہے۔ وزیرآباد میں بھی دریا کے کنارے واقع کئی بستیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔

انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر منتقل ہو کر انتظامیہ سے تعاون کریں۔

Related Posts