ملک میں حکومتی کرم نوازیاں مگر؛ کراچی میں آٹے اور چینی کے دام سب سے زیادہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان میں مہنگائی کی نئی لہر نے عوام کو ایک اور جھٹکا دے دیا ہے کیونکہ حالیہ ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں مختلف شہروں میں 200 سے 300 روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

ادارہ شماریات کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2100 روپے تک جا پہنچا ہے۔ شہرِ قائد میں آٹا پہلے ہی مہنگا تھا مگر حالیہ اضافہ شہریوں کے لیے مزید بوجھ بن گیا ہے۔

کراچی کے ساتھ ساتھ لاڑکانہ اور خضدار میں بھی آٹے کی قیمت میں 300 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح، حیدرآباد اور سکھر میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 280 روپے تک مہنگا ہوا ہے۔

کوئٹہ میں قیمت میں 210 روپے جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، بنوں اور ملتان جیسے شہروں میں 200 روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

روزمرہ کی اس بنیادی ضرورت کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے اور شہریوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

Related Posts