جہاں بچے کھیلتے تھے آج وہاں کشتیاں لاشیں ڈھونڈ رہی ہیں؛ چشتیاں میں 50 گاؤں پانی میں گم ہوگئے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث چشتیاں کے نواحی علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو چکی ہے۔ اب تک تقریباً پچاس کے قریب بستیاں زیرِ آب آ چکی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ایک بند ٹوٹنے کے بعد سیلابی پانی آبادیوں میں داخل ہو گیا جس کے نتیجے میں بستی میروں بلوچاں، موضع عظیم، قاضی والی، شادم شاہ اور دلہ عاکوکا جیسے علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ مقامی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں کشتیوں اور دیگر ذرائع کے ذریعے متاثرہ افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔ متعدد علاقوں میں حفاظتی دیواریں ٹوٹنے سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔

سیلاب کی لپیٹ میں آ کر کماد اور تل کی فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں جس سے کسانوں کو بھاری مالی نقصان کا خدشہ لاحق ہے۔

انتظامیہ کے مطابق آئندہ چند گھنٹوں میں پانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان ہے جس کے باعث مزید بند ٹوٹنے کا اندیشہ بھی موجود ہے۔ فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں اور علاقے میں مسلسل اعلانات کے ذریعے لوگوں کو خطرے سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر نقل مکانی کریں اور امدادی کاموں میں حکام سے تعاون کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

Related Posts