پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے تصدیق کی ہے کہ قومی جونیئر ہاکی ٹیم آئندہ بھارت میں ہونے والے ایف آئی ایچ جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گی۔
فیڈریشن کے صدر طارق حسین بگٹی نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی کے باعث ٹیم بھیجنا ممکن نہیں۔
یہ ورلڈ کپ 28 نومبر سے 10 دسمبر تک بھارتی شہروں چنئی اور مدورائی میں شیڈول ہے تاہم پاکستان کی عدم شرکت کا امکان پہلے ہی ظاہر کیا جا رہا تھا کیونکہ قومی ٹیم نے حالیہ ایشیا کپ میں بھی اسی وجہ سے شرکت سے انکار کیا تھا۔
پی ایچ ایف کے صدر نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ جیسے حالات میں ہماری ٹیم کو سرحد پار بھیجنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ہم نے اس حوالے سے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کو آگاہ کر دیا ہے۔ اب پاکستان سینئر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کے ذریعے راستہ اختیار کرے گا۔
پاکستان جو جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کا پہلا چیمپئن بھی رہ چکا ہے، اس مرتبہ گروپ بی میں بھارت، چلی اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ شامل تھا۔
بھارتی میزبانوں نے پاکستان کی شمولیت پر کوئی اعتراض نہیں کیا تھا کیونکہ ان کی پالیسی کے مطابق کثیرالملکی ایونٹس میں پاکستان کے خلاف میچز ممکن ہیں تاہم حتمی فیصلہ پاکستان کی حکومت کے پاس تھا، جو موجودہ سیاسی حالات میں بھارت کو موزوں میزبان تصور نہیں کرتی۔
پاکستان کی یہ تیسری مرتبہ عدم شرکت ہوگی،اس سے قبل 2001 میں قومی ٹیم کوالیفائی نہ کر سکی تھی جبکہ 2016 میں بھارت میں ہی منعقدہ ایڈیشن میں بھی پاکستان شریک نہیں ہوا تھا۔
ماہرین کے مطابق کھیلوں پر سیاسی تناؤ کے منفی اثرات نمایاں ہیں تاہم فیڈریشن پرامید ہے کہ پرو لیگ مہم کے ذریعے قومی ٹیم کو دوبارہ عالمی ہاکی کے بڑے حلقوں میں متعارف کرایا جا سکے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








