پنجاب اس وقت شدید بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے جہاں متاثرہ علاقوں میں لوگ بنیادی سہولیات اور امداد کے منتظر ہیں، ایسے نازک وقت میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی محمد ثاقب خان چدھڑ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ سیلاب متاثرین سے ملاقات سے پہلے پرفیوم چھڑکتے دکھائی دے رہے ہیں۔ اس عمل پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے اسے شرمناک حرکت قرار دیا ہے۔
ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد عوامی ردِعمل میں یہ سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ آیا عوامی نمائندے ایسے وقت میں دکھاوے اور نمائشی انداز اختیار کریں یا حقیقی طور پر متاثرین کی مدد کے لیے عملی اقدامات کریں۔ کئی صارفین نے لکھا کہ متاثرین کو خوشبو کی نہیں بلکہ کھانے پینے کی اشیاء، ادویات اور محفوظ پناہ گاہوں کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ محمد ثاقب خان چدھڑ 2024 کے عام انتخابات میں آزاد امیدوار کے طور پر صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی-97 (چنیوٹ-4) سے منتخب ہوئے اور بعد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے۔
انہوں نے 42ہزار 959 ووٹ حاصل کرکے سابق اراکین اسمبلی کو شکست دی تھی۔ 11 فروری 2024 کو انہوں نے دیگر آزاد اراکین کے ہمراہ شہباز شریف سے ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کی تھی۔
یہ فرعون ٹک ٹاکر ہے یا سچ مُچ کا افسر؟
سامنے ایک عورت بچہ اُٹھائے فریادی انداز میں کھڑی ہے لیکن اُس کی پرفیوم کے ششکارے ختم نہیں ہورہے pic.twitter.com/dc8qKhApUS
— Momina Khan PTI (@MominaPTI1) September 4, 2025
سماجی و سیاسی حلقے اس وقت اس معاملے پر تقسیم نظر آ رہے ہیں۔ ایک جانب عوامی غم و غصہ ہے تو دوسری جانب بعض حمایتی یہ مؤقف پیش کر رہے ہیں کہ ویڈیو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے تاہم یہ ویڈیو اس وقت ملک بھر میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے اور رکن اسمبلی کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








