کراچی: سوشل میڈیا پر ایک غیر معمولی اور دلچسپ شادی کارڈ نے صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے جس میں ڈیجیٹل سلامی کا منفرد تصور متعارف کروایا گیا ہے۔
یہ کارڈ شاوا شاوا نامی کمپنی کی جانب سے ڈیزائن کیا گیا ہے جس پر شانزے حسین اور داور ریحان کی شادی کی تقریب کی تفصیلات درج ہیں۔
کارڈ کے مطابق شادی کی تقریب 5 ستمبر 2025 کو اٹس شینڈی کے عنوان کے تحت منعقد ہوگی، جہاں شرکت کرنے والے مہمانوں کو ڈیجیٹل سلامی پیش کرنے کا پیغام دیا گیا ہے۔ اس غیر روایتی طرز نے شادی کارڈ کو روایتی دعوت ناموں سے بالکل مختلف بنا دیا ہے۔

جیسے ہی یہ کارڈ سوشل میڈیا پر سامنے آیا، صارفین نے اسے خوب سراہا اور دلچسپ تبصرے شروع کر دیے۔ کچھ نے اسے جدید ٹیکنالوجی کا دلچسپ استعمال قرار دیاتو کچھ نے اسے سلامی کے نئے دور کی شروعات کہا۔
کچھ صارفین نے مذاق میں لکھا کہ اب روایتی لفافے کی جگہ موبائل فون یا کیو آر کوڈ سلامی کا ذریعہ بنے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے تخلیقی آئیڈیاز پاکستان میں شادی کی تقریبات کو ایک نئے رجحان کی طرف لے جا رہے ہیں، جہاں نوجوان نسل منفرد اور یادگار تجربات کو ترجیح دیتی ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کراچی میں کسی شادی کارڈ نے ڈیجیٹل سلامی کا ذکر کر کے اتنی بڑی تعداد میں عوامی ردعمل حاصل کیا ہو۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اس دعوت نامے نے نہ صرف نوجوانوں بلکہ بڑی عمر کے افراد کو بھی حیران کر دیا ہے، جو روایتی شادی کلچر کے عادی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








