خوشبو لگانا دنیا بھر میں شخصیت میں نکھار کی علامت سمجھا جاتا ہے مگر کیا آپ یقین کریں گے کہ دنیا میں ایک ملک ایسا بھی ہے جہاں خوشبو لگانے کو کچھ زیادہ پذیرائی حاصل نہیں ہے، یہی نہیں بلکہ تیز خوشبو لگانے پر آپ پر ہراسمنٹ کا الزام بھی لگ سکتا ہے۔
جی ہاں یہ ملک ہے دنیا کا ترقی یافتہ اور مضبوط معاشی قوت جاپان، چنئی سے تعلق رکھنے والی ایک بھارتی خاتون جو جاپان میں رہتی ہیں، نے حال ہی میں اپنا چونکا دینے والا تجربہ شیئر کیا ہے کہ جاپان میں تیز خوشبو کو بُرا سمجھا جاتا ہے۔
خاتون نے شیئر کی گئی ویڈیو میں بتایا کہ جاپان میں لوگ بہت ہلکی خوشبو یا بالکل بغیر پرفیوم کے رہنا پسند کرتے ہیں۔
عوامی مقامات پر تیز خوشبو کو بے ادبی سمجھا جا سکتا ہے اور اس کے لیے ایک لفظ بھی ہے “سومیہارا”، جس کا مطلب ہے “سمیل ہراسانی” یعنی خوشبو کے ذریعے ہراسانی۔
انہوں نے مزید کہا: “میں اسے تنقید نہیں بلکہ ایک ثقافتی سیکھ سمجھتی ہوں۔ ہمارے ہاں پرفیوم خود کے اظہار کا ذریعہ ہے، مگر جاپان میں یہ دوسروں کی رائے اور مشترکہ جگہ کے احترام کے بارے میں ہے ۔
ساوتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق، اگر کسی کی صفائی کی عادتیں خراب ہوں یا کوئی ضرورت سے زیادہ پرفیوم استعمال کرے تو اسے بھی “سمیل ہراسانی” کا مرتکب سمجھا جا سکتا ہے۔
خاتون نے جاپان آنے والے مہمانوں کو مشورہ دیا کہ ہلکے اور تازہ پرفیوم استعمال کریں تاکہ کسی کو تکلیف نہ ہو۔انہوں نے کہا: “یہ ایک چھوٹی سی چیز ہے مگر بڑا فرق ڈالتی ہے۔ جاپان میں رہنے کا ہر چھوٹا تجربہ آنکھیں کھولنے والا ہے۔”
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








