فنکار اور کھلاڑی بنے قوم کی آواز؛ یومِ دفاع پر یکجہتی کے پیغامات

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ ایکسپریس)

یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر ملک بھر کی معروف شوبز اور کھیلوں کی شخصیات نے وطن کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے دلوں کے جذبات کو پیغامات کی صورت میں قوم کے سامنے رکھا۔ ان پیغامات میں پاک فوج کی قربانیوں، شہداء کے جذبہ ایثار اور غازیوں کے حوصلے کو سلام پیش کیا گیا۔

سینئر اداکار اعجاز اسلم نے کہا کہ یومِ دفاع صرف ایک دن نہیں بلکہ ایک تاریخی یادگار لمحہ ہے، جو ہمیں ان جوانوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے دشمن کے سامنے سینہ سپر ہو کر ملک کا دفاع کیا۔ ان کے مطابق معرکۂ حق کی فتح نے قوم کے حوصلے مزید بلند کیے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض نے اس دن کو ان ہیروز کے نام منسوب کیا جو دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوئے اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر پاکستان کو سرخرو کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اصل ہیرو وہ ہیں جو مادرِ وطن کی خاطر قربان ہو گئے۔

ویڈیو؛ بشکریہ ایکسپریس نیوز

سابق کپتان سرفراز احمد نے بھی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ اپنی مٹی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینا ہمارا فرض ہے۔

ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے یومِ دفاع کے موقع پر قوم کو اتحاد اور حب الوطنی کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں نہ صرف قربانیوں کی یاد دلاتا ہے بلکہ یہ عہد بھی کرواتا ہے کہ وطن کی حفاظت اب صرف افواج کا نہیں بلکہ ہم سب کا فرض ہے۔

شوبز اور اسپورٹس شخصیات کے یہ جذباتی اور حوصلہ افزا پیغامات اس امر کی غمازی کرتے ہیں کہ پوری قوم ہر طبقہ فکر اور ہر شعبہ زندگی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور وطن کے دفاع کے لیے ایک صف میں موجود ہے۔

Related Posts