ویڈیو دیکھیں: ڈاکوؤں نے کیش وین سے دو کروڑ روپے کی خطیر رقم کیسے چھینی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو اسکرین گریب

کراچی میں کیش وین سے 2 کروڑ 32 لاکھ 84ہزار 580 روپے چھینے جانے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، مسلح ملزمان کیش وین میں سوار سیکیورٹی گارڈ سے اس کی رائفل بھی چھین کر فرار ہوئے۔

ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق واقعہ جمعہ کو منگھوپیر تھانے کےعلاقے نیا ناظم آباد کلمہ چوک کے قریب پیش آیا جہاں ڈاکو اسلحے کے زور پر کیش وین سے 2 کروڑ 32 لاکھ 84ہزار 580 روپے کی خطیر رقم چھینی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں کیش وین کو نجی بینک کے باہر کھڑا دیکھا جا سکتا ہے، کیش وین سے ایک شخص رقم سے بھرا تھیلا بینک لے کر جاتا ہے اور جیسے ہی کیش وین چلنے لگتی ہے تو اسی دوران ایک نقاب پوش ملزم کیش وین کے سامنے آکر اسلحہ تان لیتا ہے اور وین کو روک لیتا ہے۔

اسی دوران ملزم کے دیگر 4 نقاب پوش ساتھی پہنچ جاتے ہیں اور وین کو گھیرے میں لے لیتے ہیں، ایک ملزم کیش وین کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھے سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھینتا ہے، مسلح ملزمان کیش وین میں سوار افراد سے 2 کروڑ 32لاکھ 84 ہزار 580 روپے اور سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ چھین کر بآسانی فرار ہو جاتے ہیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں تین ملزمان کو موٹر سائیکل پر فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ 2 ملزمان پیدل تھوڑی دور تک گئے اور پھر موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوگئے۔

کیش وین کے عملے سے واردات کا مقدمہ سیکیورٹی سپر وائزر غازی خان کی مدعیت میں منگھوپیر تھانے میں درج کیا گیا ہے، پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔

Related Posts