کراچی: اداکارہ حمیرا اصغر کے قتل کیس کے حوالے سے میڈیکل رپورٹ میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں، ایم ایل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقتولہ کے کپڑوں پر خون اور ڈی این اے کے شواہد بھی ملے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایم ایل رپورٹ میں اداکارہ کے قتل کے شبہات کو مزید تقویت ملی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش مکمل نہیں تھی بلکہ صرف ہڈیاں تھیں۔
معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش جولائی 2025 کو ان کے فلیٹ سے ملی تھی۔ 18 اگست 2025 کو کراچی کی مقامی عدالت نے اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی المناک موت کے معاملے پر پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔
18 اگست کو ہونیوالی سماعت میں پولیس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ حمیرا اصغر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ مکمل ہو چکی ہے جبکہ ان کے کمرے اور واش روم سے خون کے نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں۔ حتمی فرانزک رپورٹ ابھی تک موصول نہیں ہوئی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ رپورٹ آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








