کراچی میں ویزا اور آن لائن گروسری اسکیم کے نام پر جعلسازی کرنے والا گینگ پکڑا گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

Woman arrested in Khanewal for filing fake rape case to blackmail man
ONLINE/ FILE PHOTO

قومی سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال مسکن چورنگی کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے فراڈ گینگ کو گرفتار کر لیا جو ویزوں اور گروسری اسکیم کے نام پر شہریوں کو دھوکہ دے رہا تھا،یہ گروہ جعلی وعدوں کے ذریعے معصوم افراد سے بھاری رقوم ہتھیانے میں ملوث تھا۔

ملزمان جعلی ویزا فراہم کرنے اور کمیشن پر مبنی گروسری اسکیم کے نام پر شہریوں کو راغب کرتے اور ان سے بڑی رقم وصول کرتے تھے۔

تحقیقات سے یہ بھی انکشاف ہوا کہ اس گینگ نے مختلف بے گناہ شہریوں کے نام پر جعلی بینک اکاؤنٹس کھول رکھے تھے، جن میں ایک اکاؤنٹ ایک خاتون متاثرہ کے نام پر بھی رجسٹرڈ تھا۔

این سی سی آئی اے نے کارروائی کے دوران چھ افراد کو گرفتار کیا جن میں سرغنہ محمد عمران اور فیصل ظفر شامل ہیں۔ حکام کے مطابق اس گروہ نے منظم انداز میں شناختی دستاویزات چرا کر متعدد بینک اکاؤنٹس کھولے جنہیں فراڈ کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

یہ آپریشن پاکستان کے سائبر کرائم یونٹس کی وسیع تر مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد آن لائن فراڈ نیٹ ورکس کو ختم کرنا ہے۔ ایسے نیٹ ورکس معصوم شہریوں کو ان کی جمع پونجی سے محروم کر رہے تھے جو لوگ سرمایہ کاری یا بچت کے لیے جمع کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے حال ہی میں این سی سی آئی اے کے لیے نئے قواعد جاری کیے ہیں جن کے تحت ایجنسی کو جائیدادیں منجمد کرنے کے اختیارات بھی حاصل ہو گئے ہیں۔

کسی بھی جائیداد کو منجمد یا بحال کرنے کے لیے ڈائریکٹر جنرل کی منظوری لازمی قرار دی گئی ہے۔ مزید یہ کہ ایجنسی تحقیقات میں بین الاقوامی اداروں سے بھی تعاون حاصل کر سکے گی۔

قواعد کے مطابق این سی سی آئی اے پاکستان پینل کوڈ کی متعلقہ دفعات کے تحت تحقیقات کرے گی اور حساس اداروں کے ساتھ ساتھ صوبائی حکام سے بھی تعاون کرے گی۔

علاوہ ازیں ایجنسی میں خصوصی یونٹس قائم کیے جائیں گے جو آن لائن مالی فراڈ اور بچوں کے خلاف سائبر جرائم پر قابو پانے کے لیے سرگرم عمل ہوں گے۔

Related Posts