یاماہا موٹر پاکستان نے اپنے صارفین کے لیے ایک منفرد اور سہل سہولت فراہم کرتے ہوئے خصوصی ایکسچینج آفر کا اعلان کیا ہے جس کے تحت صارفین اپنی موجودہ موٹر سائیکل منتخب ڈیلرشپس پر جمع کرا کے نئی یاماہا بائیک حاصل کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس اقدام کا مقصد صارفین کو نجی خرید و فروخت کی مشکلات، خریدار تلاش کرنے، قیمت پر مذاکرات اور غیر یقینی صورتحال سے نجات دلانا ہے۔
یاماہا کی اس اسکیم کا مقصد بائیک رائیڈرز کو زیادہ قابلِ اعتماد، جدید اسٹائل اور بہتر آرام دہ سواری کی جانب منتقل کرنا ہے۔
یہ سہولت فی الحال مخصوص ڈیلرشپس کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے، اس لیے صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فرنچائز جانے سے پہلے دستیابی کی تصدیق ضرور کر لیں۔
یاد رہے کہ اسی ہفتے یاماہا موٹر پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ نے اپنی پالیسی میں تبدیلی کے باعث ملک میں موٹر سائیکلوں کی مقامی تیاری ختم کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
کمپنی نے اپنے ایک باضابطہ بیان میں صارفین کی برسوں کی وفاداری اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری پالیسی میں تبدیلی کی وجہ سے پاکستان میں موٹر سائیکلوں کی تیاری بند کی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








