سندھ حکومت کا ہزاروں نئے بینظیر ہاری کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ، کارڈ بنوانے کا طریقہ

تازہ ترین

تازہ ترین

Sindh to issue Benazir Hari Card to thousands of newly registered farmers
ONLINE

سندھ حکومت نے صوبے بھر کے ہزاروں نئے رجسٹرڈ کسانوں کے لیے بینظیر ہاری کارڈ جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

صوبائی وزیر زراعت کے مطابق اس منصوبے کے تحت کسانوں کو براہِ راست سبسڈی اور مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے سندھ بینک کو کارڈ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

اب تک 80 ہزار نئے کسانوں کی رجسٹریشن اور تصدیق مکمل ہو چکی ہے جبکہ رواں ماہ کے اختتام تک 50 ہزار کسانوں کو کارڈ فراہم کر دیے جائیں گے۔ اس کے بعد ہر 20 روز کے دوران مزید 50 ہزار کارڈ تقسیم کیے جائیں گے۔

وزیر زراعت نے بتایا کہ ہاری کارڈ کے ذریعے نہ صرف کسانوں کو مالی معاونت دی جائے گی بلکہ حکومت نے ڈرپ ایریگیشن سسٹم کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے لیے بھی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس اسکیم کے تحت 5 سے 25 ایکڑ زمین رکھنے والے کسان رعایتی نرخوں پر سولر پینل حاصل کر سکیں گے۔ کل 4 ہزار ایکڑ زمین پر 295 سولر یونٹس نصب کیے جائیں گے۔

حکومتی منصوبے کے مطابق اس نظام میں اخراجات کی 20 فیصد رقم کسان برداشت کریں گے جبکہ باقی 80 فیصد خرچ سندھ حکومت ادا کرے گی۔ ترجمان کے مطابق کسان اپنے درخواست فارم 20 ستمبر تک حیدرآباد دفتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے اپنی انتخابی مہم کے دوران 18 جنوری کو اعلان کیا تھا کہ کاشتکاروں کے لیے ’’کسان کارڈ‘‘ جاری کیا جائے گا جس طرح بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے عام شہریوں کو سہولت دی گئی تھی۔

انہوں نے نوشہرو فیروز میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام کی حمایت سے ان کی جماعت وفاق اور سندھ دونوں میں حکومت قائم کرے گی اور وزیرِاعظم بننے کے بعد بنیادی تنخواہ کو دوگنا کیا جائے گا۔

Related Posts