صرف 30 ہزار روپے کلو؛ جانیں دنیا کے سب سے قیمتی نمک کے حیرت انگیز فوائد

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

دنیا میں بے شمار اقسام کے نمک پائے جاتے ہیں لیکن ایک خاص نمک ایسا بھی ہے جس کی قیمت سن کر آپ حیران رہ جائیں گے۔ کورین بانس سالٹ کی جس کی فی کلو قیمت تقریباً 30 ہزار روپے ہے.

یہ نمک جنوبی کوریا کی ایک قدیم روایت کے تحت تیار کیا جاتا ہے اور اسے دنیا کا سب سے مہنگا نمک مانا جاتا ہے۔ اس نمک کو عام سمندری نمک کی طرح نہیں بنایا جاتا بلکہ ایک نہایت منفرد اور محنت طلب طریقے سے تیار کیا جاتا ہے۔

بانس سالٹ کو تیار کرنے کے لیے سب سے پہلے سمندری نمک کو بانس کی لمبی لاٹھیوں میں بھرا جاتا ہے۔ پھر ان بانسوں کو مٹی سے ڈھانپ کر انتہائی تیز درجہ حرارت، یعنی 800 سے 1500 ڈگری سینٹی گریڈ پر نو مرتبہ بھونا جاتا ہے۔ ہر بار اسے نئی بانس کی لاٹھی اور مٹی سے تیار کیا جاتا ہے تاکہ نمک میں موجود معدنیات مزید طاقتور اور خالص ہو جائیں۔

بانس سالٹ کو صرف ذائقہ بڑھانے کے لیے نہیں بلکہ ایک طبی نمک (Medicinal Salt) کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ اس میں 80 سے زائد قدرتی معدنیات پائے جاتے ہیں۔ اس میں اینٹی آکسیڈنٹس بھی شامل ہوتے ہیں جو جسم کو ڈیٹاکس کرنے، مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے ہاضمہ بہتر بنانے اور بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔

کوریا اور جاپان میں بانس سالٹ کا استعمال صرف کھانوں تک محدود نہیں، بلکہ لوگ اسے دانتوں کی صفائی، جلد کی حفاظت، زخموں کے علاج اور یہاں تک کہ پانی میں ملا کر پینے میں بھی استعمال کرتے ہیں جبکہ کچھ طبّی حلقے اسے آیورویدک دوا کے طور پر بھی تسلیم کرتے ہیں۔

بانس سالٹ کی تیاری میں وقت، محنت اور لاگت بہت زیادہ آتی ہے اسی لیے یہ نمک دنیا بھر میں محدود مقدار میں دستیاب ہے اور صرف وہی لوگ اسے خریدتے ہیں جو صحت کے لیے مہنگے سپلیمنٹس اور قدرتی چیزوں پر خرچ کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ کچھ حلقوں میں اسے عیش و آرام اور اسٹیٹس سمبل کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔

Related Posts