کراچی/کندھ کوٹ: سندھ کے مختلف علاقوں میں دریائے سندھ میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے اور گڈو بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بیراج پر پانی کی آمد میں 23 ہزار کیوسک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد کچے کے کئی دیہات زیرِ آب آ گئے ہیں اور حفاظتی پشتوں تک پانی پہنچ چکا ہے۔
محکمہ اطلاعات سندھ کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 6 لاکھ 35 ہزار 759 کیوسک جبکہ اخراج 6 لاکھ 6 ہزار 489 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح سکھر بیراج پر پانی کی آمد 5 لاکھ 38 ہزار 916 کیوسک جبکہ اخراج 4 لاکھ 85 ہزار 736 کیوسک رہا۔
کوٹری بیراج میں دریائے سندھ کی آمد 2 لاکھ 78 ہزار 786 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 67 ہزار 631 کیوسک نوٹ کیا گیا ہے۔
ادھر پنجاب کے ہیڈ پنجند پر پانی کی آمد و اخراج میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں پانی کی سطح 3 لاکھ 7 ہزار 830 کیوسک رہی جو گزشتہ روز کی نسبت 61 ہزار 255 کیوسک کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق دریائے چناب میں آنے والے سیلاب نے 30 سے زائد دیہات کو متاثر کیا ہے جبکہ اس کی وجہ سے سبزیوں اور دودھ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
دوسری جانب کندھ کوٹ کے کچے کے علاقے میں کئی بستیاں مکمل طور پر ڈوب گئی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں صورتحال سنگین شکل اختیار کر گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








