اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ہم پاکستان میں صحت کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت میں مصروف ہیں جس کا مقصد ملک کی لاکھوں نوجوان بچیوں کو مہلک بیماری سروائیکل کینسر سے محفوظ رکھنا ہے۔
عالمی ادارہ صحت (WHO) کی زیرِ نگرانی پاکستان میں ایک قومی ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) ویکسینیشن مہم جاری ہے جس میں حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر 9 سے 14 سال کی عمر کی تقریباً 1 کروڑ 30 لاکھ لڑکیوں کو مفت ویکسین فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ اقدام نہ صرف خواتین کی صحت کے تحفظ کے لیے سنگِ میل ہے بلکہ ملک کے صحت عامہ کے نظام کو مضبوط کرنے کی طرف بھی ایک بڑا قدم ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اس مہم میں تکنیکی رہنمائی، تربیت، مانیٹرنگ اور آگاہی کے مختلف پہلوؤں پر معاونت فراہم کر رہا ہے تاکہ مستقبل میں خواتین کو سروائیکل کینسر جیسے خطرناک مرض سے بچایا جا سکے۔
مہم کا پس منظر؛
ہیومن پیپیلوما وائرس (HPV) ایک ایسا وائرس ہے جو جنسی طور پر منتقل ہوسکتا ہے اور بعض اقسام کی خواتین میں سروائیکل کینسر پیدا کرنے کا سبب بنتی ہیں۔ دنیا بھر میں لاکھوں خواتین ہر سال اس بیماری کا شکار ہوتی ہیں جن میں سے بیشتر وہ ہوتی ہیں جنہیں وقت پر ویکسین فراہم نہیں کی گئی۔
پاکستان میں HPV ویکسینیشن مہم؛
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے تعاون سے حکومت پاکستان نے ایک بڑے پیمانے پر قومی ویکسینیشن پروگرام شروع کیا ہے جس کا ہدف تقریباً 1 کروڑ 30 لاکھ (13 ملین) بچیوں کو یہ ویکسین فراہم کرنا ہے۔ یہ ویکسین 9 سے 14 سال کی عمر کی بچیوں کو دی جا رہی ہے، کیونکہ اس عمر میں ویکسین سب سے زیادہ مؤثر ہوتی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کردار؛
عالمی ادارہ صحت صرف ویکسین کی فراہمی تک محدود نہیں بلکہ وہ مختلف پہلوؤں میں حکومت کی مدد کر رہا ہے، جن میں شامل ہیں۔
تکنیکی معاونت، ڈبلیو ایچ او صحت کے ماہرین کو ٹریننگ فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ محفوظ طریقے سے ویکسین لگانے کے قابل ہو سکیں۔ اس کے علاوہ، ویکسین کے موثر استعمال، محفوظ اسٹوریج اور نگرانی کے نظام میں بھی رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔
عملی سپورٹ: ڈبلیو ایچ او کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں جو ویکسینیشن مراکز کا معائنہ کر رہی ہیں، عملے کی رہنمائی کر رہی ہیں اور یہ یقینی بنا رہی ہیں کہ ہر بچی تک ویکسین کی رسائی ممکن ہو۔
آگاہی مہم: ڈبلیو ایچ او صحت عامہ سے متعلق پیغامات، تعلیمی مواد، اور والدین میں آگاہی پیدا کرنے میں بھی حکومت کا ساتھ دے رہا ہے تاکہ وہ اپنی بچیوں کو وقت پر ویکسین لگوانے کے لیے تیار ہوں۔
مستقبل کی جھلک؛
یہ مہم نہ صرف سروائیکل کینسر کے خلاف ایک بڑی پیش رفت ہے بلکہ پاکستان میں خواتین کی صحت کے حوالے سے ایک پائیدار مستقبل کی بنیاد بھی ہے۔ اس مہم سے لاکھوں لڑکیوں کو زندگی بھر کے لیے کینسر جیسے موذی مرض سے تحفظ ملے گا، جس سے نہ صرف ان کی صحت بلکہ ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود پر بھی مثبت اثر پڑے گا۔
عالمی ادارہ صحت کا یہ اقدام پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں صحت کے شعبے کو بہتر بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ ایچ پی وی ویکسینیشن مہم، صحت عامہ کے نظام میں بہتری، خواتین کی زندگی بچانے اور معاشرے کو صحت مند بنانے میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








