خواتین کے کاروباری کردار کو ملے گا فروغ؛ اسٹیٹ بینک کا ویمن انٹرپرینورشپ ڈے منانے کا اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

State Bank of Pakistan Announces Monetary Policy: Interest Rate Maintained at 11%
(فوٹو؛ فائل)

اسٹیٹ بینک پاکستان 19 نومبر 2025 کو ویمن انٹرپرینورشپ ڈے منائے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد ملک میں خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینا اور ان کی مالی شمولیت کو مستحکم بنانا ہے۔ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک ملک بھر میں اپنے 16 فیلڈ دفاتر کے ذریعے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کرے گا جبکہ مرکزی تقریب کراچی میں واقع اسٹیٹ بینک کے صدر دفتر میں ہوگی۔

گذشتہ سال کی جھلک

گزشتہ برس اس دن کے موقع پر بین الاقوامی اور مقامی ادارے، بینک، سول سوسائٹی اور کامیاب کاروباری خواتین ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوئیں جہاں انہوں نے معیشت میں خواتین کی شرکت کو بڑھانے کے لیے اسٹیٹ بینک کی کاوشوں کو سراہا۔ اس مہم کے تحت ملک بھر میں 50 سے زائد آگاہی سیشنز منعقد کیے گئے، جن میں 1500 سے زائد کاروباری خواتین نے شرکت کی۔ ساتھ ہی بینکوں نے خواتین کی سربراہی میں چلنے والے 20 ہزار سے زائد کاروباروں کو تقریباً 24 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے۔ اس موقع پر ان اداروں اور خواتین کو اعزازات سے بھی نوازا گیا جنہوں نے مالیاتی شعبے میں خواتین کی نمائندگی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

2025 کی سرگرمیاں

اسی تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ویمن انٹرپرینورشپ ڈے 2025 میں بھی مختلف مالی اداروں، خواتین چیمبرز اور کاروباری نیٹ ورکس کو مدعو کیا جائے گا تاکہ وہ خواتین کی معاشی ترقی میں کردار پر تبادلہ خیال کر سکیں۔اس سال کی تقریبات میں ملک گیر ورکشاپس، قرضہ جات سے متعلق آگاہی مہمات، اور رہنمائی (منٹورشپ) پروگرام شامل ہوں گے جن کا مقصد خواتین کو کاروبار کے مواقع تک رسائی فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔

اعزازات اور مقابلے

مرکزی تقریب کے دوران ان بینکوں اور خواتین انٹرپرینیورز کو اعزازات دیے جائیں گے جنہوں نے جدید کاروباری انداز، سماجی اثر، پائیداری، اور معاشی بہتری کے شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ، بزنس آئیڈیا مقابلہ 2025 کے کامیاب شرکاء کا اعلان بھی کیا جائے گا، جن کے تخلیقی اور جدید منصوبے قابلِ تقلید سمجھے جائیں گے۔

مقصد اور عزم

ویمن انٹرپرینورشپ ڈے ایک عالمی سطح کا اقدام ہے جس کا مقصد اُن خواتین کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جو اپنی کاوشوں سے روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہیں معیشت کو آگے بڑھا رہی ہیں اور سماجی تبدیلی کا ذریعہ بن رہی ہیں۔ اسٹیٹ بینک اور اس کے شراکت دار اس دن کے موقع پر اپنے اس عزم کا اعادہ کریں گے کہ پاکستان بھر میں ایک ایسا مالیاتی نظام تشکیل دیا جائے جو خواتین کو انٹرپرینیورشپ کی جانب بڑھنے کے لیے عملی طور پر سازگار ماحول فراہم کرے۔

Related Posts