طویل عرصے سے علیل بزرگ سیاستدان چودھری شجاعت باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے سربراہ منتخب، سوشل میڈیا پر تبصروں کا طوفان

تازہ ترین

تازہ ترین

فائل فوٹو

مسلم لیگ ق کے سربراہ اور طویل عرصے سے صاحب فراش بزرگ سیاستدان چودھری شجاعت حسین پاکستان باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن کے سربراہ منتخب کرلیے گئے، خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تبصروں کا طوفان آگیا۔

لاہور میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر محمد طارق حسن اور سیکرٹری سہیل انور نے ملاقات کی، جس کے دوران انہیں فیڈریشن کا چیئرمین منتخب کرنے کا اعلان کیا گیا۔

اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے ایشین باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کی جانب سے پہلی مرتبہ پانچ گولڈ میڈلز جیتنے پر طارق حسن اور سہیل انور کو مبارکباد دی اور کہا کہ قومی کھلاڑی حقیقی ہیروز ہیں، ان کی حوصلہ افزائی اور سہولتیں فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

طارق حسن نے سابق وزیر اعظم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت باڈی بلڈنگ کے فروغ اور کھلاڑیوں کے مالی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگی۔ جنرل سیکرٹری سہیل انور نے بھی امید ظاہر کی کہ چوہدری شجاعت کے چیئرمین بننے سے ملک میں باڈی بلڈنگ کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

یہ خبر منظر عام پر آتے ہی سوشل میڈیا پر مزاحیہ تبصروں کا طوفان آگیا۔ جس کی ایک جھلک اس اسکرین شاٹ میں دیکھی جا سکتی ہے۔

مزاحیہ تبصروں کی ایک جھلک

تبصروں کی وجہ کیا ہے؟

ان تبصروں کی وجہ دراصل یہ ہے کہ چودھری شجاعت حسین طویل عرصے سے شدید علیل ہیں، ان کی عمر بھی زیادہ ہوچکی ہے، جس کی وجہ سے وہ مسلسل زیر علاج اور گھر والوں کی نگرانی میں ہیں۔ لوگوں کا خیال ہے کہ جو شخص اپنے آپ کو سنبھالنے کا اہل نہیں، وہ باڈی بلڈنگ کے شعبے کی کیا نگرانی کرے گا۔

Related Posts