سائنسدانوں نے ایک ایسا جدید ویٹ سوٹ تیار کیا ہے جو سمندر میں تیراکی کو پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ بنا سکتا ہے خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں شارک کا خطرہ موجود رہتا ہے۔
یہ نئی تحقیق آسٹریلیا کی فلنڈرز یونیورسٹی کے ماہرین نے کی ہے جنہوں نے ایسے مخصوص مواد کا استعمال کیا جو شارک کے دانتوں سے ہونے والے حملوں کی شدت کو کم کر دیتا ہے۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے چار مختلف اقسام کے کاٹنے سے مزاحم کپڑوں کا تجربہ کیا۔
تحقیقات کے دوران ان مواد کو سفید اور ٹائیگر شارک کے ساتھ جانچا گیا جو عام طور پر تین میٹر تک لمبی ہو سکتی ہیں۔ جانچ کیلئے ایک خاص قسم کا فوم استعمال کیا گیا جسے انسانی جلد اور بافتوں جیسا بنایا گیا تھا۔ مجموعی طور پر تجربات میں 84 سفید اور 68 ٹائیگر شارک شامل تھیں۔
نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ یہ حفاظتی سوٹ عام ویٹ سوٹس کی نسبت کہیں زیادہ مضبوط اور موثر ثابت ہوئے خاص طور پر زخم سے خون بہنے کو روکنے میں۔ اگرچہ یہ سوٹ شارک کے حملوں کو مکمل طور پر روکنے کی ضمانت نہیں دیتے لیکن وہ جسم پر پڑنے والے نقصان کو نمایاں حد تک کم کرسکتے ہیں۔
اب نہ بادل روکیں گے نہ بارش؛ پاکستان میں نئے سولر پینل نے دھوم مچا دی
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے حفاظتی اقدامات پیشہ ور غوطہ خوروں، تیراکوں اور سمندر سے وابستہ دیگر افراد کیلئے زندگی بچانے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ یہ تحقیق مستقبل میں عوامی سطح پر بھی تیراکی کو محفوظ بنانے کے لیے استعمال ہوسکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








