اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے تقریباً چار سال کے وقفے کے بعد برطانیہ کے لیے اپنی پروازوں کی بحالی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی ہے کہ 25 اکتوبر کو اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پہلی پرواز روانہ ہوگی جو واپسی کے ساتھ باقاعدہ آغاز کی علامت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں ہفتہ وار دو پروازیں چلائی جائیں گی۔
لندن میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق برطانیہ کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو فارن ایئرکرافٹ آپریٹنگ پرمٹ جاری کر دیا ہے جو تجارتی پروازوں کے آغاز کے لیے آخری منظوری تھی۔
پی آئی اے کو اس سے قبل تھرڈ کنٹری آپریٹر کی منظوری بھی حاصل ہو چکی ہے جس کے بعد اب برطانیہ کے مختلف شہروں کے لیے فضائی آپریشن بحال ہونے جا رہا ہے۔
Alhamdolillah
We have finally planned for the first flight to UK (Islamabad to Manchester & back) on 25 Oct 25, InshaAllah with a weekly frequency of 02 flights.
انشا ء اللہ پی آئ اے کی ھفتہ میں مانچسٹر کے لئے دو فلائٹوں کا آغاز 25اکتوبر کو اسلام آباد سےھو رہا ھے۔ پی ٹی آئ کی…— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) October 3, 2025
ابتدائی طور پر پروازیں مانچسٹر کے لیے شروع کی جائیں گی جس کے بعد برمنگھم اور لندن کے لیے بھی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے حالیہ مہینوں میں پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا تھا جس کے بعد ملکی ایئرلائنز کو دوبارہ برطانوی روٹس کے لیے درخواست دینے کی اجازت مل گئی تھی۔
اس کے ساتھ ہی برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سکیورٹی معائنہ کیا اور پاکستان کے فضائی سکیورٹی اقدامات کو تسلی بخش اور بین الاقوامی معیار کے مطابق قرار دیا۔
ان پیش رفتوں کے بعد پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی کو پاکستانی فضائی صنعت کے لیے ایک بڑی کامیابی اور مسافروں کے لیے خوش آئند خبر قرار دیا جا رہا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








