درگا پوجا کے بعد دلخراش سانحہ! 12 سالہ لڑکی زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بھارتی ریاست بہار کے شہر مظفر پور میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں درگا پوجا میلے سے واپسی کے دوران ایک 12 سالہ لڑکی کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کی گئی۔

متاثرہ لڑکی چھٹی جماعت کی طالبہ ہے اور اس کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے اسے فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں سے اسے بہترعلاج کیلئے مظفر پور میڈیکل کالج منتقل کردیا گیا۔

لڑکی کے والد نے بتایا کہ ان کی بیٹی اپنی سہیلیوں کے ساتھ میلے میں گئی تھی۔ واپسی پر چار نوجوانوں نے اسے موٹر سائیکل پر اغوا کر لیا اور ایک باغ میں لے گئے۔ سہیلیوں نے گھر پہنچ کر اہل خانہ کو بتایا کہ لڑکی کو اغوا کیا گیا ہے۔ اہل خانہ فوراً باغ پہنچے جہاں انہوں نے لڑکی کو بے ہوش حالت میں پایا۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔

پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی شروع کی اور دو ملزمان کو گرفتارکرلیا جبکہ باقی ملزمان فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی اور اس کے اہل خانہ کے بیانات کی روشنی میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ اس واقعے نے پورے علاقے میں صدمے اور غصے کی لہر دوڑا دی ہے اور لڑکی کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں مانگی جا رہی ہیں۔

Related Posts