ڈیرہ غازی خان: جنوبی پنجاب میں خواتین کے لیے مخصوص پہلا نادرا رجسٹریشن سنٹر قائم کردیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ افتتاح ڈائریکٹر جنرل نادرا ملتان ریجن نے کیا۔
یہ مرکز خواتین کو ایک محفوظ، آرام دہ اور باوقار ماحول میں نادرا کی تمام خدمات فراہم کرے گا، جہاں وہ بلا جھجک اپنی قومی شناختی دستاویزات بنوا سکیں گی یا ان میں تجدید اور ترمیم کرا سکیں گی۔
نادرا کے مطابق اس نئے ویمن رجسٹریشن سنٹر کے قیام کا مقصد دیہی و شہری خواتین کو بااختیار بنانا اور انہیں ان کی شناختی خدمات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔
اس اقدام سے ڈیرہ غازی خان اور اس کے مضافات کی ہزاروں خواتین مستفید ہوں گی۔
نادرا حکام کا کہنا ہے کہ اس مرکز میں خواتین عملہ تعینات کیا گیا ہے تاکہ آنے والی خواتین کو بہتر سہولت، رازداری اور احترام کے ساتھ خدمات فراہم کی جا سکیں۔
مرکز میں شناختی کارڈ کی تجدید، ترمیم، نئے کارڈ کے اجراء، فارم کی تصدیق اور بایومیٹرک سہولت سمیت تمام سروسز دستیاب ہوں گی۔
یہ سنٹر نہ صرف خواتین کے لیے ایک آسان اور محفوظ پلیٹ فارم فراہم کرے گا بلکہ شناختی نظام میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کی طرف ایک اہم قدم بھی ثابت ہوگا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








