نیویارک سٹی بیلے کے 2025 فیشن گالا میں رنگ و روشنی، تخلیقی انداز اور فیشن کے حسین امتزاج نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔
یہ فیشن گالا منفرد اور تخلیقی ملبوسات کے باعث دنیا بھر کے فیشن شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔
اس تقریب میں فیشن ڈیزائنرز اور بیلے کے معروف کوریوگرافروں کے درمیان تعاون کو خصوصی طور پر اجاگر کیا گیا جن میں مشہور ڈچ ڈیزائنر آئرس وان ہیرپن اور مرحوم ورجیل ایبلوہ شامل تھے۔
تقریب میں شریک نامور شخصیات نے اپنے شاندار لباسوں سے نہ صرف ریڈ کارپٹ کو سجایا بلکہ اپنی فنی ذوق کا بھی مظاہرہ کیا۔
مشہور اداکارہ سارہ جیسیکا پارکر نے بطور شریک صدر ایک غیر معمولی بلیک اینڈ وائٹ لباس زیب تن کیا، جسے آئرس وان ہیرپن نے تیار کیا تھا۔

سفید مختصر لباس پر سیاہ تفصیلات اور طویل ٹرین کے ساتھ فرش تک پہنچنے والے سیاہ پروں نے ان کے لباس کو ایک تخلیقی شاہکار میں بدل دیا۔

اپنے منگیتر مشہور گلوکار مک جاگر کے ہمراہ شریک ہونیوالی رقص نگار میلینی ہیم رک نے سرخ رنگ کے ریشمی لباس کا انتخاب کیا جس میں اونچی گردن، گہری کٹ اور نمایاں سلٹ موجود تھی۔ ان کا اعتماد اور نفاست سے بھرپور انداز تقریب کی زینت بن گیا۔

اداکارہ جولیا فاکس نے بھی آئرس وان ہیرپن کا تیار کردہ ایک تخلیقی لباس پہنا جو ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے کسی خاکے کو حقیقت کا روپ دے دیا گیا ہو۔

ان کے لباس میں مجسماتی انداز کے بہتے ہوئے خم نمایاں تھے جبکہ سبز جوتے اور جامنی رنگ کے بالوں کے سروں نے ان کے انداز کو مزید منفرد بنا دیا۔
اداکارہ نِکول آری پارکر نے سرخ رنگ کے خوبصورت لباس میں شرکت کی، جس میں رفل دار باڈی اور لہراتا ہوا گھیر شامل تھا۔ انہوں نے ریڈ کارپٹ پر گھوم کر اپنے لباس کے حسن کو نمایاں کیا۔

گالا میں فیشن اور بیلے کے امتزاج کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ آئرس وان ہیرپن نے بیلے کے کوریوگرافر جمار رابرٹس کے لیے نئے بیلے کی ملبوسات تیار کیں جبکہ مرحوم ڈیزائنر ورجیل ایبلوہ کے تخلیقی کام بھی کمپوزرز ہالی ڈے بیلے کے لباسوں میں شامل تھے۔
معروف اطالوی ڈیزائنر جیانی ورساچے کے تیار کردہ ملبوسات ہیرمن شمرمن پاس دی ڈیو بیلے میں پیش کیے گئے۔
یہ تقریب نہ صرف فنِ بیلے اور فیشن کے ملاپ کی حسین مثال ثابت ہوئی بلکہ اس نے یہ بھی دکھایا کہ فنکارانہ تخلیق کی کوئی حد نہیں ہوتی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








