جانتے ہیں شاہد کپور اور ان کے خاندان کا تعلق پاکستان کے کس شہر سے ہے؟

تازہ ترین

تازہ ترین

Bollywood actor Shahid Kapoor’s ancestral roots traced to Hafizabad, Pakistan
ONLINE

بھارت کے معروف اداکار شاہد کپور کے والد اور سینئر فنکار پنکج کپور نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے خاندان کی جڑیں پاکستان کے شہر حافظ آباد سے وابستہ ہیں۔

ایک مشہور بھارتی پوڈکاسٹ دی للن ٹاپ شو میں گفتگو کے دوران پنکج کپور نے اپنے خاندانی پس منظر اور تاریخی وابستگیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ان کے دادا ایک سرکاری ملازم تھے جن کی ملازمت مختلف شہروں میں منتقلی کے باعث جاری رہتی تھی تاہم ان کے خاندان کا اصل تعلق حافظ آباد سے تھا جہاں کپور خاندان ایک مشترکہ گھرانے کے طور پر مقیم تھا۔

پنکج کپور نے مزید بتایا کہ ان کے والد لاہور کے معروف ادارے فورمین کرسچن (ایف سی) کالج میں ادیب، مقرر اور رسالے کے مدیر کی حیثیت سے کام کرتے تھے۔

ان کے بقول میرے والد ایک بہترین لکھاری، شعلہ بیان مقرر اور اپنے وقت کے نہایت باوقار اور بااثر شخصیت تھے۔ انہوں نے کہا کہ اُس وقت ایف سی کالج ایک متحدہ ہندوستانی ادارہ تھا جہاں برصغیر کے مختلف علاقوں سے لوگ تعلیم حاصل کرنے آتے تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ کپور خاندان کو تقسیمِ ہند کے دوران ہجرت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ پنکج کپور کے مطابق ہم پہلے ہی ہندوستان میں مقیم تھے، اس لیے ہمیں ہجرت یا نقل مکانی جیسی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

یہ گفتگو شاہد کپور کے خاندانی پس منظر اور ان کے پاکستانی نژاد ورثے کی ایک منفرد جھلک پیش کرتی ہے، جو بھارت اور پاکستان کے درمیان ثقافتی رشتوں کی گہری جڑوں کی یاد دہانی بھی کراتی ہے۔

شاہد کپور نے بالی ووڈ میں اپنی الگ پہچان قائم کی ہے۔ وہ فلم حیدر، اُڑتا پنجاب، جب وی میٹ، پدماوت، کبیر سنگھ اور تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا جیسی کامیاب فلموں میں شاندار کردار ادا کر چکے ہیں۔

ان کی حالیہ فلمیں باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کر چکی ہیں، جس سے ان کی شہرت مزید مستحکم ہوئی ہے۔ وہ میرا کپور کے شوہر ہیں اور دو بچوں کے والد ہیں۔

دوسری جانب پنکج کپور بھارتی تھیٹر اور فلم انڈسٹری کے ایک باوقار فنکار ہیں ،ان کے کہانی بیان کرنے کا منفرد انداز انہیں بھارتی سینما کی ممتاز شخصیات میں شمار کراتا ہے۔

Related Posts