کراچی میں چنگ چی رکشوں کیلئے نئے قواعد نافذ، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ

تازہ ترین

تازہ ترین

Sharjeel Memon defends ban on Qingqi rickshaws in Karachi
DAWN NEWS

کراچی ٹریفک پولیس نے شہر بھر میں چنگ چی رکشوں پر اوورلوڈنگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے، اس فیصلے کا مقصد ٹریفک کے نظام میں بہتری، حادثات کی روک تھام، اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

یہ فیصلہ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کے دفتر میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا جس میں سینئر ٹریفک افسران اور ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اب کسی بھی چنگ چی رکشہ کو پانچ سے زائد مسافروں کو بٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ڈبل پارکنگ، اوور اسپیڈنگ اور ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکام کے مطابق ان اقدامات کو شفافیت کے ساتھ نافذ کرنے کے لیے فیس لیس ای چالان سسٹم کے ذریعے کارروائی کی جائے گی تاکہ رشوت، جانبداری یا کسی قسم کی بدعنوانی کا خدشہ نہ رہے۔

اجلاس میں ٹریفک پولیس اور ٹرانسپورٹ تنظیموں نے اتفاق کیا کہ ڈرائیوروں کو قوانین کی تربیت اور آگاہی دینے کے لیے مشترکہ تربیتی پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے۔

ٹرانسپورٹ نمائندوں نے اس موقع پر ای ٹکٹس اور الیکٹرانک نظام کے نفاذ کو سراہا اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں چلنے والی تمام منی بسوں اور کوچز میں 27 اکتوبر 2025 تک جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم نصب کرنا لازمی ہوگا، تاکہ ٹریفک کی نگرانی اور گاڑیوں کی نقل و حرکت پر بہتر کنٹرول حاصل کیا جا سکے۔

یہ اقدام شہری ٹریفک نظم و ضبط میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف سڑکوں پر رش میں کمی آئے گی بلکہ شہریوں کی حفاظت بھی مزید بہتر ہو گی۔

Related Posts