کراچی میں دلخراش حادثہ، تیز رفتار کوسٹر کی ٹکر سے دو کمسن موٹرسائیکل سوار جاں بحق

تازہ ترین

تازہ ترین

جان بحق معصوم بچے، فوٹو ایکسپریس

کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 5 میں ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا جہاں میمن انسٹیٹیوٹ کے قریب تیز رفتار کوسٹر نے موٹر سائیکل سوار تین کمسن لڑکوں کو کچل دیا۔ حادثے کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 14 سالہ مدثر اور 13 سالہ ایان کے نام سے ہوئی، جبکہ 16 سالہ رافع زخمی ہے۔ لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

جناح اسپتال پہنچنے والے لواحقین نے بتایا کہ تینوں بچے بغیر اجازت گھر سے موٹر سائیکل لے کر نکلے تھے۔ مدثر تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا اور ایان پانچ بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ دونوں بچے قرآنِ کریم حفظ کر رہے تھے اور ان کی تکمیلِ قرآن کی تاریخ قریب ہی تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کوسٹر نے اچانک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اور بے قابو ہو کر ان پر چڑھ گئی۔

ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ کوسٹر ڈرائیور کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں تھا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔

Related Posts