پاکستان پر حملہ کرنے والوں میں پھوٹ پڑگئی، طالبان کے دو گروپ لڑ پڑے، خونریز تصادم جاری، جانئے تفصیلات

تازہ ترین

تازہ ترین

علامتی تصویر

پاکستان پر حملہ کرنے والوں کی صف میں پھوٹ پڑ گئی، افغانستان کے صوبہ بدخشان میں طالبان کے دو گروپوں کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں، جن میں اب تک کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام بدخشان کے یوان ضلع میں طالبان کے مقامی جنگجوؤں اور ہلمند سے تعلق رکھنے والے طالبان کے درمیان تصادم اس وقت شروع ہوا جب دونوں گروپ سونا کی کان پر قبضے کے لیے آمنے سامنے آ گئے۔ جھڑپوں کا مرکز یوان ضلع کا یالور گاؤں بتایا جا رہا ہے، جہاں منگل تک بھی وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ہلمند کے طالبان کے 8 اور بدخشان کے طالبان کے 2 ارکان شامل ہیں۔ مرنے والوں میں یوان ضلع کے قانونی امور کے ڈائریکٹر اور ٹریفک ڈائریکٹر بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کی درست تعداد تاحال سامنے نہیں آسکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جھڑپوں کا آغاز طالبان کے مقامی جنگجوؤں نے کیا، جنہوں نے الزام لگایا کہ جنوبی صوبوں سے آنے والے طالبان جنگجو، جو بدخشان میں تعینات ہیں اور صوبائی گورنر و سیکیورٹی قیادت کی حمایت حاصل رکھتے ہیں، نے سونا کی کانوں پر زبردستی قبضہ کر رکھا ہے۔ ان کانوں سے حاصل ہونے والی آمدنی مقامی طالبان تک نہیں پہنچتی۔

علاقے کے مکینوں کے مطابق بدخشان میں معدنی وسائل پر قبضے کے معاملے پر طالبان کے مختلف دھڑوں کے درمیان تناؤ طویل عرصے سے بڑھ رہا ہے، جو اب کھلی لڑائی کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ طالبان کی اعلیٰ قیادت تاحال اس جھگڑے میں مداخلت سے گریز کر رہی ہے، جس سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بدخشان میں صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔

Related Posts