خیبر پختونخوا میں سوات اور اس کے گرد و نواح میں بدھ کی صبح زلزلے کے ہلکے مگر واضح جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔
محکمہ موسمیات کے زلزلہ پیما مرکز کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4اعشاریہ 5 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کا مرکز ہندوکش پہاڑی سلسلے میں تھا، جو خطے میں ارضیاتی سرگرمیوں کے باعث زلزلوں کے لیے معروف علاقہ ہے۔
زلزلے کی گہرائی 220 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث جھٹکوں کی شدت زمین کی سطح پر محدود رہی تاہم یہ کئی علاقوں میں محسوس کیے گئے۔
تاحال سوات یا اطراف کے اضلاع سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
متعلقہ حکام نے صورتِ حال پر نظر رکھنے کے ساتھ شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ آفٹر شاکس کی صورت میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








