راولپنڈی: تعلیمی بورڈ راولپنڈی نے گیارہویں جماعت (ایچ ایس ایس سی پارٹ ون) کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے،بورڈ کے مطابق مجموعی طور پر 43 اعشاریہ 46 فیصد طلبہ امتحان میں کامیاب قرار پائے۔
اعداد و شمار کے مطابق کل 62 ہزار 20 طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی جن میں سے 26 ہزار 951 طلبہ کامیاب ہوئے۔
مختلف تعلیمی گروپس میں کارکردگی کے لحاظ سے پری انجینئرنگ گروپ سب سے آگے رہاجہاں کامیابی کی شرح 55 اعشاریہ 78 فیصد رہی جبکہ پری میڈیکل گروپ میں 52 اعشاریہ 51 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے۔
ہومینیٹیز گروپ میں کامیابی کی شرح سب سے کم یعنی 36 اعشاریہ 14 فیصد رہی، جبکہ جنرل سائنس گروپ میں 44 اعشاریہ 63 فیصد اور کامرس گروپ میں 40 اعشاریہ 84 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے۔ ہوم اکنامکس گروپ کے نتائج بورڈ کی جانب سے جاری نہیں کیے گئے۔
طلبہ اپنے نتائج تین مختلف طریقوں سے حاصل کر سکتے ہیں۔ پہلا طریقہ یہ ہے کہ بورڈ کی سرکاری ویب سائٹ پر جا کر اپنا رول نمبر درج کر کے نتیجہ معلوم کریں۔
دوسرا طریقہ ایس ایم ایس کے ذریعے ہے جس کے لیے طلبہ اپنے موبائل سے رول نمبر 800296 پر بھیج کر نتیجہ حاصل کر سکتے ہیں۔ تیسرا طریقہ یہ ہے کہ متعلقہ کالج کے انتظامی دفتر سے پرنٹ شدہ رزلٹ کارڈ حاصل کیا جا سکتا ہے۔
بورڈ کے مطابق کالجوں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ اپنے طلبہ کو نتائج سے متعلق مکمل تفصیلات فراہم کریں تاکہ طلبہ اپنی تعلیمی کارکردگی کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








