اسلام آباد: وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پاک افغان سرحد پر حالیہ جھڑپوں کے بعد افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت سامان کی نقل و حمل تاحکم ثانی معطل کر دی ہے۔
یہ فیصلہ جمعرات کے روز کراچی میں واقع ڈائریکٹوریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے ایک اہم اجلاس کے بعد کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل افغان ٹرانزٹ ٹریڈ نے کی جبکہ کوئٹہ اور پشاور کے ڈائریکٹرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد جاری کردہ کسٹمز جنرل آرڈر نمبر 98/2025 میں کہا گیا کہ کوئٹہ اور پشاور کے کسٹمز اسٹیشنز پر گنجائش ختم ہونے کے باعث افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کی نقل و حمل فوری طور پر روک دی گئی ہے۔
حکم نامے کے مطابق بندرگاہوں پر موجود تمام کنٹینرز کو اتارنے اور افغان ٹرانزٹ سے متعلق تمام گیٹ پاسز منسوخ کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر افغان ٹرانزٹ کے تمام کنٹینرز کی کلیئرنس روک دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ساوتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر سیکڑوں کنٹینرز ٹرکوں پر لوڈ حالت میں کلیئرنس کے منتظر ہیں جبکہ کئی درجن گاڑیاں راستے میں پھنس چکی ہیں جو کوئٹہ اور پشاور کی سمت جا رہی تھیں۔
اس فیصلے کو پاک افغان جنگ 2025 کی تازہ ترین پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے باعث دوطرفہ تجارت، ٹرانزٹ ٹرانسپورٹیشن اور کسٹمز آپریشنز بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ٹرانسپورٹرز کے مطابق بارڈر آپریشنز کی بحالی تک صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








