بھارتی سیکیورٹی فورس کا طیارہ کباڑی کے ہاتھ لگ گیا!شادی بیاہ و دیگر تقریبات میں کام آئے گا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اُجّین میں دو بھائیوں نے ایسا قدم اٹھایا ہے جو نہ صرف منفرد ہے بلکہ سیاحت کے شعبے میں نئی راہیں کھول سکتا ہے۔ ویرندر اور پشپیندر کُشواہا، جو کباڑ کے کاروبار سے وابستہ ہیں نے بارڈر سیکیورٹی فورس (BSF) کا ایک بڑا طیارہ تقریباً 40 لاکھ روپے میں خرید لیا ہے۔

یہ طیارہ کوئی عام طیارہ نہیں بلکہ ایک 55 سیٹوں والا کارگو ایویرو طیارہ ہے جس کی لمبائی تقریباً 70 فٹ چوڑائی 100 فٹ اور اونچائی 15 فٹ ہے جبکہ وزن 20 ٹن ہے۔

ہوٹل نہیں، جہاز میں قیام!

کشواہا برادران کا منصوبہ ہے کہ وہ اس طیارے کو اُجّین کے قریب واقع اپنے فارم ہاؤس اننتا ولیج فارم اسٹے میں لا کر اس کے اندر پانچ لگژری کمروں پر مشتمل قیام گاہ بنائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ طیارے کو اس طرح تیار کیا جائے گا کہ لوگ اندر داخل ہوکر خود کو اصل جہاز میں محسوس کریں گے۔

فوٹو شوٹس اور پری ویڈنگ کیلئے بھی دستیاب؛

صرف قیام تک بات محدود نہیں بلکہ یہ طیارہ فوٹو شوٹس خاص طور پر پری ویڈنگ شوٹس کے لیے بھی دستیاب ہوگا۔ ویرندر کشواہا کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ سیاحوں کو ایک نئی طرز کی تفریح اور تجربہ فراہم کرے گا۔

اُجّین ایئرپورٹ کے آغاز سے پہلے انوکھا منصوبہ

جہاں اُجّین جلد ہی اپنا ایئرپورٹ لانچ کرنے جا رہا ہے وہیں یہ طیارہ ہوائی سفر کے بجائے سیاحتی تجربے کے طور پر شہر میں لایا جا رہا ہے۔ توقع ہے کہ یہ جہاز اگلے دو دنوں میں اُجّین پہنچ جائے گا، جہاں اس پر کام کا آغاز ہوگا۔

ویرندر کشواہا کا کہنا ہے کہ وہ اس سے قبل کئی بار دفاعی ساز و سامان بطور کباڑ خرید چکے ہیں لیکن پہلی بار اتنا بڑا طیارہ لیا ہے اور اس بار اسے صرف کباڑ نہیں بنانا بلکہ کچھ نیا تخلیق کرنا ہے۔

Related Posts