سیف علی خان کی بہن صبا پٹودی نے اپنے بھائی اور بھابھی کرینہ کپور خان کی شادی کی 13ویں سالگرہ نہایت محبت اور خلوص کے ساتھ منائی۔
اس موقع پر انہوں نے انسٹاگرام پر ایک دل کو چھو لینے والا پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے سیف اور کرینہ کے درمیان قائم محبت اور ہم آہنگی کو سراہا۔
صبا پٹودی نے اپنے پیغام کے ساتھ کچھ نایاب تصاویر بھی شیئر کیں جن میں ایک تصویر ان دنوں کی تھی جب سیف اور کرینہ ایک دوسرے سے ملاقاتیں کر رہے تھے جبکہ دوسری حالیہ دنوں کی تھی۔
صبا نے اپنے پیغام میں مزاحیہ اور محبت بھرا انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ تم دونوں کے درمیان آج بھی وہی خاص کشش اور ہم آہنگی موجود ہے۔ بھائی کبھی کبھی تمہیں پاگل کر دیتے ہیں لیکن بیبو بہت صابر اور پر سکون ہیں۔ تم دونوں ایک شاندار جوڑی ہو، ماشااللہ۔
انہوں نے کرینہ کپور کی تعریف کرتے ہوئے مزید لکھا کہ سیلفی لینا سکھانے سے لے کر ایک ساتھ تصویریں کھنچوانے تک، میں تمہارے سادہ، بے ساختہ اور صاف گو مزاج کی معترف ہوں۔ تم نے ہمیشہ حقیقت کو اپنایا اور اسے خوبصورتی سے نبھایا۔ ایک بار پھر خاندان میں خوش آمدید۔
سیف علی خان اور کرینہ کپور کی شادی 16 اکتوبر 2012 کو ہوئی تھی۔ دونوں کے دو بیٹے ہیں، تیمور اور جہانگیر جبکہ ان کی محبت کی داستان 2008 میں شروع ہوئی۔
ان کی شادی ایک شاندار اور کئی تقریبات پر مشتمل تقریب تھی جس میں پٹودی خاندان کی شاہانہ روایات اور بالی ووڈ کی چمک دمک ایک ساتھ نظر آئیں۔
شادی کے بعد ممبئی میں ایک شاندار استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں متعدد فلمی ستاروں نے شرکت کی۔ بعد ازاں 18 اکتوبر کو دہلی کے لٹینز بنگلہ زون میں دعوتِ ولیمہ منعقد ہوئی جس میں سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








