فیشن کی دنیا میں پاکستان کا جھنڈا دیوارِ چین پر بھی لہرا گیا، تاریخی موڑ

تازہ ترین

تازہ ترین

دیوار چین پر پاکستانی فیشن شو، فوٹو اے پی پی

بیجنگ میں دیوارِ چین کے تاریخی پس منظر میں ایک رنگا رنگ لمحہ تخلیق ہوا جہاں پاکستان اور چین کی ثقافتوں نے فیشن کے ذریعے ایک نئی داستان رقم کی۔

پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے، چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر (CICCC) کے اشتراک سے، دیوارِ چین پر پہلا “پاک۔چائنا فیشن شو” منعقد ہوا، جس نے دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نیا ثقافتی رنگ بھر دیا۔

شو میں پاکستان کے معروف ڈیزائنرز ماہین خان، معظم عباسی، عائشہ طارق، رضوان اللہ اور زین ہاشمی نے ایسے ملبوسات پیش کیے جن میں مشرق و مغرب، روایت و جدت، اور پاکستان و چین کا حسین امتزاج جھلک رہا تھا۔ بیجنگ میں مقیم پاکستانی ڈیزائنر عقیل چوہدری نے اپنے جیولری کلیکشن سے شو کو مزید دلکشی بخشی، جبکہ چینی ڈیزائنر لیانگ سی یون کے تخلیقی ڈیزائنز نے دونوں ثقافتوں کو ایک ہی دھاگے میں بُنا۔

تقریب کی میزبانی معروف ثقافتی شخصیت عدنان انصاری نے کی۔ شو میں چینی حکام، سفارتی کور، میڈیا نمائندگان اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ بادالِنگ گریٹ وال نہ صرف شاہراہِ ریشم کے دیرینہ روابط کی علامت ہے بلکہ اب یہ فن، ثقافت اور دوستی کے ایک نئے دور کی نمائندگی کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال اس مقام پر ایک پاکستانی معزز شخصیت کے پہلے تاریخی دورے کی 60ویں سالگرہ بھی منائی جا رہی ہے، جس نے اس شو کو مزید معنویت بخش دی ہے۔

خلیل ہاشمی کے مطابق، یہ فیشن شو دراصل پاکستانی تخلیقی صلاحیت اور چینی مارکیٹ کے درمیان قدرتی ہم آہنگی کی علامت ہے جو مستقبل کے مشترکہ تجارتی اور ثقافتی پلوں کی بنیاد رکھتا ہے۔

چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کے چیئرمین لونگ یو شیانگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ فیشن شو پاک۔چین تعلقات میں ایک زندہ مثال ہے، جو نہ صرف ثقافتی تبادلے کا موقع فراہم کرتا ہے بلکہ “تمام موسموں کی سٹریٹجک شراکت داری” کو عوامی سطح پر مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا فیشن، ان کی تاریخ، ثقافت اور بہتر زندگی کی خواہش کا خوبصورت امتزاج پیش کرتا ہے۔

لونگ یو شیانگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر وہ روایتی ملبوسات میں جدید قدر شامل کر کے فیشن کے شعبے میں ایک نیا دور شروع کریں گے، جو پاک۔چین دوستی میں ایک تخلیقی روح پھونک دے گا۔

Related Posts