بھارتی منفی رویے پر کرارا جواب! پاکستان نے ہاکی ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کر دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛فائل)

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی ٹیم 28 نومبر سے 10 دسمبر تک بھارت میں ہونے والے جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں حصہ نہیں لے گی۔یہ فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والی ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا جہاں سیکیورٹی خدشات اور بھارت کی کھیلوں خاص طور پر حالیہ ایشیا کپ میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے منفی رویے پر بات چیت کی گئی۔

پی ایچ ایف کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ فیڈریشن جلد ہی ہاکی انڈیا کو اپنے فیصلے سے باضابطہ طور پر آگاہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف اور حکومت کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتی اور اس لیے ٹیم کے بھارت نہ جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پاکستان اور بھارت کے میچوں کے لیے غیر جانبدار مقامات فراہم کرتی ہے لیکن بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) نے ابھی تک ایسی کوئی ہائبرڈ انتظامات متعارف نہیں کروائے۔ پاکستان نے گزشتہ ماہ بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ میں بھی شرکت نہیں کی تھی حالانکہ وہ ٹورنامنٹ اگلے سال کے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائر تھا۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کی بین الصوبائی رابطہ کاری کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں جس کی صدارت ایم این اے شیخ آفتاب احمد نے کی، پی ایچ ایف کے انتخابات کا معاملہ زیر بحث آیا۔

اجلاس میں سب کمیٹی کے کنوینر نے پی ایچ ایف کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ فیڈریشن کلبوں کی جانچ پڑتال اور تنظیمی انتخابات کرانے پر رضامند ہو گئی ہے۔

پی ایچ ایف کے سیکریٹری رانا مجاہد نے کمیٹی کو بتایا کہ انتخابات اور کلبوں کی جانچ کا معاملہ 7 نومبر کو ہونے والے ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

کمیٹی نے پی ایچ ایف کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی نمائندگی کے ساتھ ایک الیکشن کمیشن بنائے اور کلبوں کی تصدیق کا عمل پی ایس بی کے ساتھ مشاورت اور رابطہ کاری سے مکمل کرے۔

Related Posts